ایک موبائل نمبر پر دو افراد کے ابشر اکاونٹ بن سکتے ہیں؟
ایک موبائل نمبر پر دو افراد کے ابشر اکاونٹ بن سکتے ہیں؟
جمعرات 8 ستمبر 2022 0:03
سعودی ’جوازات‘ کی سروسز ابشرپورٹل سے مربوط ہیں ( فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب میں وزارت داخلہ کی ڈیجیٹل سروسز کی فراہمی کےلیے ابشرپورٹل کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔ ابشرپورٹل پراکاونٹ بنانا ہرایک کےلیے لازمی ہے خواہ وہ سعودی شہری ہویا مملکت میں رہنے والا غیرملکی۔
سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ’جوازات‘ کی جملہ سروسز ابشرپورٹل سے مربوط ہیں۔
جوازات کی سروسز کے علاوہ ابشر کا اکاونٹ موبائل فون سم حاصل کرنے لیے بھی ضروری ہوتا ہے۔ ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے موبائل فون اقامہ نمبرسے لنک ہوتا ہے جس کےلیے ابشراکاونٹ کی ضرورت ہوتی ہے۔
جوازات کے ٹوئٹرپرایک شخص نے ابشر اکاونٹ کے حوالے سے دریافت کیا ’ایک ہی موبائل نمبرپردوافراد کے ابشراکاونٹ بنائے جاسکتے ہیں؟‘
سوال کا جواب دیتے ہوئے جوازات کا کہنا تھا کہ’ ابشراکاونٹ کے لیے موبائل فون نمبرلازمی ہے۔ جس شخص کے اقامے پرفون رجسٹرہوگا اسی شخص کا اس نمبرپرابشر اکاونٹ بن سکتا ہے کسی دوسرے کا نہیں‘۔
’ایک موبائل فون پرایک شخص کی رجسٹرہوگا دوافراد ایک موبائل پرابشراکاونٹ نہیں بنا سکتے‘۔
واضح رہے کہ ابشراکاونٹ بناتے وقت جوازات میں موجود کمپیوٹرپراپنی معلومات فیڈ کی جاتی ہیں جس کے ساتھ ہی وہ موبائل نمبرفیڈ کیاجاتا ہے جو اکاونٹ ہولڈرکے اقامہ پررجسٹرہوتا ہے۔
موبائل نمبرپربنائے جانے والے ابشر اکاونٹ کا پن کوڈ خودکارطریقے سے ارسال کیاجاتا ہے جسے بعدازاں اپنی مرضی کے مطابق تبدیل کیاجاسکتاہے۔
ایک شخص نے جو فیملی ڈرائیور کے ویزے پر ہے نے جوازات کے ٹوئٹرپردریافت کیا’گھریلوڈرائیورکا اقامہ 6 ماہ کے لیے تجدید کرایا جاسکتا ہے۔
سوال کا جواب دیتے ہوئے جوازات کا کہنا تھا کہ’ وہ غیر ملکی کارکن جوگھریلوملازمین کی کیٹگری میں شامل ہیں ان کا اقامہ مرحلہ وار مدت کےلیے تجدید نہیں کرایاجاسکتا‘۔
گھریلوڈرائیور، خادمہ یا چوکیدار وغیرہ کے اقامہ جو انفرادی سعودی شہریوں کی زیرکفالت ہوتے ہیں ان کے اقامہ کی توسیع کم از کم ایک برس کےلیے کی جاتی ہے۔
خیال رہے رواں برس کے آغاز سے سعودی عرب میں پیشہ ورانہ اقاموں پرمقیم غیر ملکیوں کے اقاموں کی تجدید کے لیے مرحلہ وارسہولت فراہم کی گئی ہے۔
پیشہ ورانہ کارکنوں کے اقامے وزارت افرادی قوت وسماجی بہبود آبادی سے منسلک ہوتے ہیں جن کےلیے ورک پرمٹ کا اجرا لازمی ہوتا ہے جس کے بعد کارکنوں کے اقاموں کی تجدید ممکن ہوسکتی ہے۔
اقاموں کی تجدید ورک پرمٹ کی مدت سے مشروط ہوتی ہے جتنی مدت کا ورک پرمٹ جاری کیاجاتا ہے اتنی کی مدت کے لیے اقامے کی تجدید کی جاتی ہے۔
مملکت میں پیشہ ورانہ کارکنوں کے اقاموں کی مرحلہ وار تجدید کے لیے وزارت داخلہ کی جانب سے جو سہولت فراہم کی گئی ہے اس کے مطابق کارکنوں کے اقامے 3 ، 6 ، 9 اور بارہ ماہ کے لیے کرائی جاسکتی ہے۔
تاہم اس کےلیے لازمی ہے کہ ورک پرمٹ کی تجدید بھی اتنی ہی مدت کے لیے کرایا جائے جتنی مدت کے لیے اقامہ کی تجدید درکارہوتی ہے۔