Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیوزی لینڈ میں وہیل سے ٹکرانے کے بعد کشتی اُلٹ گئی، پانچ افراد ہلاک

ساؤتھ آئی لینڈ سیاحوں کے لیے ایک پرکشش مقام ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
نیوزی لینڈ کے ساؤتھ آئی لینڈ کے قریب وہیل سے ٹکرانے کے بعد کشتی میں سوار پانچ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
ریڈیو نیوزی لینڈ کے مطابق وہیل سے مبینہ طور پر ٹکرانے کے بعد کشتی الٹ گئی تھی۔ کشتی میں 11 افراد سوار تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی سروسز کے ورکرز نے پانچ افراد کی لاشیں نکالی ہیں جبکہ چھ افراد کو بچا لیا گیا ہے۔ کشتی کا کپتان بھی محفوظ ہے۔
پولیس نے کہا ہے کہ کشتی ’ٹکرانے‘ کے بعد الٹ گئی تھی تاہم اس بات کی تصدیق نہیں کی کشتی کس چیز سے ٹکرائی۔
پولیس نے کہا ہے کہ وہ واقعے کی وجوہات کا تعین کرنی کی کوشش کر رہی ہے۔
ساؤتھ آئی لینڈ کے علاقے کیکورا کے میئر کریگ میکل نے کہا ہے کہ ان کے خیال میں کشتی وہیل سے ٹکرائی ہے۔
میئر کریگ میکل کا کہنا ہے کہ سمندر پُرسکون تھا اور کسی قسم کی طغیانی بھی نہیں تھی۔
انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں دانتوں والے سپرم وہیل اور کچھ ہمپ بیک وہیل بھی موجود تھے۔
کریگ میکل کا مزید کہنا تھا کہ ’وہیل ساؤتھ آئی لینڈ میں ہوتی ہیں اور وہ بندرگاہ تک آتی ہے۔‘
وہیل کا نظارہ کرنے کے لیے کیکورا ایک مشہور سیاحتی مقام ہے۔
ایک مقامی ہوٹل کے مالک رچرڈ ہل نے بتایا کہ انہوں نے کشتی کے کپتان کے ساتھ کام کیا ہے اور وہ ایک ذمہ دار شخص ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کا نہیں خیال کہ کپتان نے کوئی خطرہ مول لیا ہوگا۔ ’یہ کیکورا کے لیے ایک افسوسناک اور صدمے والا دن ہے۔‘

شیئر: