سپر فور مرحلے میں سری لنکا کی جیت کو بعض مبصرین نے پاکستان کے لیے خطرے کی گھنٹی قرار دیا تھا تاہم پاکستانی کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ’جیت کے جذبے کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔‘
مبین خان نامی صارف نے ٹیموں کو جیت کا نسخہ بتاتے ہوئے لکھا کہ ’اب تک ایشیا کپ میں ٹاس نے بہت اہم کردار ادا کیا ہے اور آج بھی یہی ہو گا، اس لیے ٹاس جیتیں، بولنگ کا فیصلہ کریں اور ٹرافی جیت لیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم کو میچ کے اختتام تک انتظار کرنا پڑے گا۔‘
چوہدری ہمالے بوہرا نے پاکستان اور سری لنکا کے معاشی حالات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ازراہ تفنن اداکار امیتابھ بچن کی ایک پرانی تصویر شیئر کی جس پر لکھا گیا تھا کہ ’ایشیا کپ کا فائنل پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہو گا، جو جیتے گا اسے ورلڈ بینک سے قرضہ ملے گا۔‘
اسی طرح ایک اور صارف کوشور نے ایسی ایڈیٹڈ تصویر شیئر کی جس میں ہار جانے والی ٹیموں انڈیا، افغانستان اور بنگلہ دیش کے کپتان ہاتھوں میں بیلچے اٹھائے دکھائی دے رہے ہیں جبکہ نیچے کی تصویر میں پچ پر بڑے بڑے گڑھے پڑے ہوئے ہیں اور نیچے لکھا ہے ’فائنل نہیں ہو گا اب۔‘ ساتھ ہی قہقہے کے ایموجی بھی لگائے گئے ہیں۔