’پاکستان اہم اتحادی، ایف 16 کے معاہدے سے کانگریس کو آگاہ کر دیا‘
ترجمان نیڈ پرائس نے کہا کہ پاکستان کئی شعبوں میں امریکہ کا اہم اتحادی ہے۔ فائل فوٹو: گیٹی امیجز
امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایف 16 طیاروں کے پرزے فروخت کرنے کے حوالے سے کانگریس کو آگاہ کر دیا ہے جن کے ذریعے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں مدد ملے گی۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق واشنگٹن میں میڈیا کو بریفنگ میں محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا کہ پاکستان کئی شعبوں میں امریکہ کا اہم اتحادی ہے۔
انڈیا کے ساتھ بڑھتے تعلقات کے باوجود امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے پاکستان کو 45 کروڑ ڈالر کے پرزوں کی فروخت کی منظوری گزشتہ ہفتے دی تھی۔
ترجمان نیڈ پرائس نے پاکستان میں میڈیا پر پابندیوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
اے آر وائی نیوز سے وابستہ صحافی کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’ہمیں پاکستان میں ذرائع ابلاغ اور سول سوسائٹی پر پابندیوں پر تشویش ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں میڈیا اور مواد پر پابندیوں پر تشویش ہے، اسی طرح صحافیوں پر حملے کرنے والوں کے نہ پکڑے جانے پر، جس سے اظہار رائے کی آزادی اور معاشرے کی آگاہی کو کمزور کیا جاتا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ آزاد صحافت جمہوری معاشرے کے مستقبل کے لیے ضروری ہے۔
ایف 16 کی دیکھ بھال اور سروسز کا معاہدہ
معاہدے کے تحت ایف 16 طیاروں کی دیکھ بھال کے لیے آلات اور سروسز کی مد میں 45 کروڑ ڈالر خرچ کیے جائیں گے۔
اس معاہدے میں پرنسپل کانٹریکٹر ایف سولہ بنانے والی امریکی کمپنی لاک ہیڈ مارٹن ہے۔
گزشتہ ہفتے امریکی وزارتِ دفاع کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق امریکہ کی ڈیفنس سکیورٹی کوآپریشن ایجنسی نے اس حوالے سے مطلوبہ سرٹیفیکیشن فراہم کر دی جس کے بعد کانگریس کو اس ممکنہ فروخت کے بارے میں مطلع کیا گیا۔
حالیہ ہفتوں کے دوران امریکہ نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے پانچ کروڑ ڈالر کی امداد دینے کا اعلان کیا۔