Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گوجر خان سے دو سالہ ریچھ ’برفی‘ ریسکیو، ’سامنے کا دانت ٹُوٹا ہوا ہے‘

پنجاب وائلڈ لائف نے گوجر خان سے دو سالہ مادہ ریچھ ’برفی‘ کو ریسکیو کرلیا ہے۔ اس کی دیکھ بھال اور بحالی کے لیے اسے وائلڈلائف بورڈ کے حوالے کردیا گیا ہے۔
اسلام آباد وائلڈلائف مینجمنٹ بورڈ کی چیئرپرسن رینا ایس خان ستی نے سنیچر کو ٹوئٹر پر بتایا کہ ’گوجر خان سے ریسکیو کرنے کے بعد برفی کو جمعے کی صبح اسلام آباد پہنچا دیا گیا۔‘
 ’برفی صحت مند ہے تاہم اس کا سامنے والا دانت ٹُوٹا ہوا ہے۔‘ انہوں نے مزید لکھا کہ ’ریچھوں سے رقص کرانے کی ظالمانہ عمل کا خاتمہ ہونا چاہیے۔‘
مادہ ریچھ ریسکیو سینٹر میں آہستہ آہستہ نئے ماحول کے ساتھ خود کو ایڈجسٹ کر رہی ہے۔ ہم اب تک پانچ سیاہ ریچھ بچوں کو ریسکیو کر چکے ہیں۔
’ہم نے ’برفی‘ کو پنجاب وائلڈ لائف کی مدد سے ایک اور ریسکیو کیے گئے ریچھ ’لڈو‘ سے ملوانے کی منصوبہ بندی کی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم ریچھوں کی سمگلنگ ختم کرنا چاہتے ہیں۔‘
’اسلام آباد وائلڈلائف مینجمنٹ بورڈ (آئی ڈبلیو ایم بی) ان ریسکیو کیے گئے سیاہ ریچھوں کو بہتر زندگی فراہم کرنے کے لیے انہیں اچھی خوراک اور پھل فراہم کر رہا ہے۔‘
’ہمارے پاس ان کی دیکھ بھال کرنے کے لیے تربیت یافتہ افراد اور جُزوقتی ویٹرنری ڈاکٹرز موجود ہیں۔‘
انہوں نے لکھا کہ ’ہمارے تمام ریچھ صحت مند اور خوش ہیں۔‘

شیئر: