Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکی کامیڈین کا شہباز شریف پر طنز، ’کلپ میں شرمندگی کی کوئی بات نہیں تھی‘

وزیراعظم شہباز شریف اور صدر پوتن کی ملاقات سمرقند میں ہوئی تھی (فائل فوٹو: وزیراعظم ہاؤس)
ازبکستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف کی کئی سربراہان مملکت سے ملاقاتیں ہوئیں۔
ان ملاقاتوں میں سے ان کی ایک ملاقات روسی صدر ولادیمیر پوتن سے بھی ہوئی جو اب تک سوشل میڈیا پر زیر بحث ہے۔
ازباکستان کے دارالحکومت سمرقند میں جمعرات کو ہونے والی اس ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ سربراہی اجلاس میں جانے والے وزرا کے بقول سنجیدہ معاملات پر بھی گفتگو ہوئی۔
وزیر دفاع خواجہ آصف کے مطابق صدر پوتن نے اس ملاقات میں پاکستان کو گیس اور گندم فراہم کرنے کی بھی پیش کش کی۔
لیکن اس ملاقات کے بعد ایک چیز اور بھی سوشل میڈیا پر گفتگو ہے اور وہ ہے وزیراعظم شہباز شریف کا ہیڈفون۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی صدر پوتن اور وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات کی ایک ویڈیو میں پاکستانی وزیراعظم کو اپنے کانوں میں ایئرفون لگانے میں مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
کچھ سیکنڈز بعد وہ کسی کی مدد سے اپنے کان میں ایئرفون لگانے میں کامیاب ہوجاتے ہیں لیکن کچھ دیر بعد پھر وہ ان کے کان سے نکل کر گرجاتا ہے۔ ان مناظر کو دیکھ کر صدر پوتن بھی محظوظ ہوتے رہے۔
اس ویڈیو کا وزیراعظم شہباز شریف کے مخالفین نے بھی خوب فائدہ اٹھایا اور ان پر طنز کے خوب نشتر برسائے۔
رہی سہی کسر اس وقت پوری ہوگئی جب امریکی کامیڈین جمی فیلن نے یہ ویڈیو اپنے ٹی وی شو میں چلائی اور وزیراعظم شہباز شریف کی طرف اشارہ کرتے ہوئے طنزاً کہا ’یہ شخص 22 کروڑ افراد کا سربراہ ہے۔‘
تاہم پاکستانی سوشل میڈیا صارفین کی ایک بڑی تعداد ایسی بھی ہے جنہیں جمی فیلن کا مذاق اڑانا بالکل پسند نہیں آیا۔
پاکستانی صحافی فرحان ملک نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’ہمیں بحیثیت پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف کے خلاف جمی فیلن کے الفاظ پر احتجاج کرنا چاہیے۔ یہ ناقابل قبول زبان ہے۔‘
امریکی براڈکاسٹر کے ساتھ منسلک پاکستانی صحافی صوفیا سیفی نے ایک ٹویٹ میں جمی فیلن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جمی فیلن نے ایک ایسے ملک کے وزیراعظم کا مذاق اڑایا جو کہ تاریخ کی ایک بدترین مصیبت (سیلاب) سے نبردآزما ہے۔
انہوں نے مزید لکھا لپ ’اپنا پلیٹ فارم بہتری کے لیے استعمال کریں۔‘
نجیب نامی صارف نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’ستم ظریفی یہ ہے کہ جنہوں نے ٹرمپ کو اپنا صدر بنایا وہ دلیری سے شہباز شریف کا مذاق اڑارہے ہیں۔‘
انہوں نے لکھا کہ ’ٹاک شوز کے دوران مہمانوں کے مائیکروفون ٹیکنیشینز درست کرتے ہیں اور یہ ایک تکینکی کام ہے۔‘
’جمی فالن کے کلپ میں کوئی شرمندگی کی بات نہیں تھی۔‘

شیئر: