پہلا ٹی20: انگلش ٹیم 17 برس بعد کل پاکستانی سرزمین پر ایکشن میں نظر آئے گی
پہلا ٹی20: انگلش ٹیم 17 برس بعد کل پاکستانی سرزمین پر ایکشن میں نظر آئے گی
پیر 19 ستمبر 2022 16:46
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلے چار ٹی20 میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سات ٹی20 میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ منگل کو کھیلا جائے گا۔
نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں ہونے والے اس میچ سے پہلے دونوں ٹیموں نے بھرپور تیاری کی ہے۔
اس سے قبل پاکستان ٹیم یو اے ای میں کھیلے گئے ایشیا کپ میں ایکشن میں نظر آئی تھی جبکہ انگلینڈ نے آخری ٹی20 میچ جولائی میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلا تھا۔
انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کے سکواڈ میں دو نوجوان کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے جبکہ اوپنر شان مسعود کو بھی ٹی20 ڈیبیو کروائے جانے کا امکان ہے۔ پاکستان اور انگلینڈ ایک دوسرے کے خلاف اب تک 21 ٹی20 میچز کھیل چکے ہیں جس میں 14 مرتبہ انگلینڈ اور 6 مرتبہ پاکستان نے کامیابی حاصل کی جبکہ ایک میچ بے نتیجہ رہا۔
انگلینڈ کرکٹ ٹیم 17 سال بعد پاکستان کے دورے پر آئی ہے جس کے باعث دونوں ٹیمیں پہلی مرتبہ پاکستان کی سرزمین پر ایک دوسرے کے خلاف ٹی20 میچز کھیلیں گی۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹی 20 میچ سے سیلاب متاثرین کے لیے فنڈ ریزنگ کی جائے گی۔ پاکستان کا 18 رکنی سکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:
بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، محمد رضوان (وکٹ کیپر) عامر جمال، ابرار احمد، محمد حارث، شان مسعود، خوش دل شاہ، افتخار احمد، آصف علی، حیدر علی، محمد نواز، حارث رؤف، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، شاہنواز دھانی، محمد حسنین اور عثمان قادر۔
پہلے ٹی20 میچ میں انگلینڈ کو کپتان جوز بٹلر کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی جبکہ ریس ٹوپلی اور مارک وُڈ کی شرکت بھی مشکوک ہے۔ پہلے ٹی 20 میچ میں جوز بٹلر کی جگہ معین علی ٹیم کی کپتانی کریں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹی20 میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7:30 بجے شروع ہوگا۔