پی سی بی کا گیٹ منی فلڈ ریلیف فنڈ میں جمع کرانے کا اعلان
رمیز راجہ نے کہا ہے کہ پی سی بی تمام سیلاب زدگان کے ساتھ کھڑا ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کہا ہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے پہلے ٹی20 انٹرنیشنل میچ کی ایک کروڑ 30 لاکھ روپے کی گیٹ منی پرائم منسٹر فلڈ ریلیف فنڈ میں جمع کروائی جائے گی۔
بدھ کو چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کہا ہے کہ کرکٹ نے ایک مرتبہ پھر پوری قوم کو متحد کرنے میں مدد کی۔ اس عظیم مقصد میں حصہ ڈالنے پر تمام شائقینِ کرکٹ کے مشکور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی سی بی تمام سیلاب زدگان کے ساتھ کھڑا ہے۔
پاکستانی ٹیم نے منگل کو انگلینڈ کے خلاف میچ میں سیلاب متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لیے گہرے نیلے رنگ کی کِٹ پہنی تھی۔
پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو فیصل حسنین کا کہنا تھا کہ کراچی کے تماشائیوں نے سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے اپنا حصہ ڈالا۔
انہوں نے کہا کہ پہلے ٹی20 میچ کے ذریعے فنڈز میں ایک چھوٹا سا حصہ ڈالنا پی سی بی کے لیے اعزاز ہے۔ یہ سیلاب متاثرین کی بحالی میں کام آئے گا۔
گزشتہ روز سات ٹی20 میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو چھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔ 159 رنز کا ہدف انگلینڈ نے 20 ویں اوور کی دوسری گیند پر حاصل کیا تھا۔