Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ولی عہد کی روس اور یوکرین سے قیدیوں کی رہائی کے لیے ثالثی

سعودی ولی کامیاب ثالثی سے پانچ ممالک کے دس قیدیوں کو رہا کرایا ہے۔ ( فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے روس اور یوکرین کے مابین قیدیوں کے تبادلے کے لیے پانچ ممالک کے دس قیدیوں کو کامیاب ثالثی کے ذریعے رہا کرایا ہے۔ 
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق دفتر خارجہ نے بدھ کو ایک بیان میں کہا کہ ’ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان روس، یوکرین بحران کے حوالے سے انسانیت نواز اقدمات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ وہ مراکش، امریکہ، برطانیہ، سویڈن اور کروشیا کے دس شہریوں کو رہا کرانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔‘
بیان میں کہا گیا کہ ’سعودی عرب کے متعلقہ اداروں نے قیدیوں کو روس سے اپنی تحویل میں لے کر مملکت منتقل کیا اوران کی محفوظ وطن واپسی میں سہولت فراہم کی ہے۔‘ 
سعودی دفتر خارجہ نے روس اور یوکرین کی حکومتوں کا سعودی حکومت کی طرف سے شکریہ ادا کیا۔
دوسری جانب برطانوی وزیراعظم لز ٹرس نے قیدیوں کے تبادلے کے سلسلے میں سعودی عرب کے  کردار کی تعریف اور قیدیوں کی رہائی کو یقینی بنانے کے لیے بہترین کوششوں پر یوکرین کے صدر ولادیمر زیلنسکی کا شکریہ ادا کیا ہے۔

سعودی دفتر خارجہ نے روس اور یوکرین کی حکومتوں کا سعودی حکومت کی طرف سے شکریہ ادا کیا ہے( فوٹو ایس پی اے)

دفتر خارجہ نے قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے ولی عہد کی کوششوں کا ساتھ دینے اور اس حوالے سے تعاون کرنے پر روس اور یوکرین کے لیے قدرو منزلت کا اظہار کیا ہے۔ 
علاوہ ازیں برطانوی وزیر اعظم نے مشرقی یوکرین میں پانچ برطانوی قیدیوں کی رہائی اور ریاض منتقلی کا خیر مقدم کیا ہے۔
لز ٹرس، جو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیو یارک میں ہیں، ٹویٹ کی کہ ’انتہائی خوش آئند خبر کہ یوکرین میں روس کے حمایت یافتہ پراکسیوں کے زیر حراست برطانیہ کے پانچ شہریوں کو بحفاظت واپس لایا جا رہا ہے جس سے ان کے اور ان کے خاندانوں کے لیے مہینوں کی غیر یقینی صورتحال اور مصائب کا خاتمہ ہورہا ہے‘۔

شیئر: