رواں ہفتے ڈالر کی قدر میں پھر اضافہ، ’پاکستان کو رقم کی فوری ضرورت‘
رواں ہفتے ڈالر کی قدر میں پھر اضافہ، ’پاکستان کو رقم کی فوری ضرورت‘
جمعہ 23 ستمبر 2022 15:15
کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعے کو ڈالر 239 روپے کی سطح پر برقرار رہا ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے پر دباؤ رواں ہفتے بھی برقرار رہا۔ کاروبار کے دوران ایک موقع پر روپے کی قدر میں ریکارڈ کمی رپورٹ کی گئی اور انٹر بینک میں ایک امریکی ڈالر 240 پاکستانی روپے پر فروخت ہوا۔
عالمی مالیاتی ادارے کی جانب سے قسط ملنے اور دوست ممالک سے تعاون کے باوجود پاکستانی روپے میں بہتری ممکن نہیں ہو سکی۔
کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعے کو ڈالر 239 روپے کی سطح پر برقرار رہا ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ روپے کی قدر میں بہتری کے لیے ڈالر کی سمگلنگ روکنا ہوگی، اس کے علاوہ درآمدی بل میں کمی کے ساتھ برآمدات میں اضافہ کیے بغیر روپے کو مستحکم نہیں کیا جا سکتا۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق جمعے کو مارکیٹ بند ہونے پر ایک امریکی ڈالر 239 روپے 65 پیسے کی سطح پر رپورٹ ہوا۔
فاریکس ڈیلرز کے مطابق گزشتہ ہفتے ڈالر 236 روپے 84 پیسے پر بند ہوا تھا۔ رواں ہفتے کے آغاز پر ایک امریکی ڈالر کی قیمت میں ایک روپے 16 پیسے کا اضافہ رپورٹ ہوا، اور ایک ڈالر کی قمت 237.91 پاکستانی روپے ہو گئی۔ رواں ہفتے ڈالر پاکستان کی تاریخ کی بلند ترین سطح 240 روپے پر بھی ٹریڈ ہوتا دیکھا گیا۔
رواں ہفتے میں اب تک روپے کی قدر میں دو روہے 81 پیسے کی کمی ہوئی ہے۔
معاشی امور کے ماہر سمیع اللہ طارق کے مطابق پاکستانی روپے میں گزشتہ ہفتے کی طرح روان ہفتے بھی کمی رپورٹ کی گئی ہے۔ یہ ایک خطرناک صورتحال ہے۔ ملک میں زرمبادلہ کے ذخائر میں مسلسل کمی ہورہی ہے۔ امپورٹ بل میں اضافے اور حکومتی اخراجات میں اضافہ ایک بڑا مسئلہ ہے۔ روپے کی قدر میں بہتری کے لیے ضروری ہے کہ ایکسپورٹ میں اضافہ کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ ڈالر آمدنی کی مد میں پاکستان لائے جائیں ناکہ قرض کی صورت میں لائے جائیں۔
چیئرمین فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان ملک بوستان کا کہنا ہے کہ دو روز میں روپے کی قدر میں نمایاں کمی نہیں ہوئی۔ ’ہمارے لوگ راتوں رات امیر ہونا چاہتے ہیں۔ کچھ وقت پہلے ڈالر کے خریدار نہیں تھے۔‘
انہوں نے کہا کہ 212 کی سطح پر ڈالر آیا اور پھر ایک بار ایسا ماحول بنا دیا گیا کہ ڈالر مارکیٹ میں موجود نہیں، اور اس وقت 239 روپے پر ڈالر رپورٹ کیا جا رہا ہے۔ ملک سے ڈالر باہر جانے کا عمل روکنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے بہت نقصان ہوا ہے۔ دنیا بھر سے امداد کی یقین دہانی کروائی جا رہی ہے لیکن پاکستان کو فوری رقم کی ضرورت ہے۔