اسلام آباد.. وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض پیرزادہ مستعفی ہو گئے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ریاض پیرزادہ نے کہا کہ کرپشن کرنے والوں نے ڈی جی اسپورٹس بورڈ پر الزام لگا کر مجھے بھی فارغ کردیا۔باکسر وسیم کے مسئلے پر بھی ہمیں چور سمجھا گیا۔ وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری کی جانب سے کافی تذلیل برداشت کرچکا یہ سب مزید برداشت نہیں کروں گا ۔ استعفیٰ واپس نہیں لوں گا۔ تھوکا ہوا کبھی نہیں چاٹا۔ اب اسمبلی میں بات کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ بڑی بڑی مچھلیاں اربوں کی کرپشن میں ملوث ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پرنسپل سیکریٹری وزیراعظم اورسیکریٹری اسٹیبلشمنٹ اربوں روپے کی کرپشن میں ملوث ہیں۔ کرپشن میں ملوث لوگوں نے ڈی جی اسپورٹس کو ہٹایا ۔ وزیراعظم کیخلاف کچھ نہیں کہنا چاہتا ۔ وفاقی وزیر نے استعفیٰ میں کہا کہ وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری وزارت میں مداخلت کررہے تھے۔اس صورتحال میں عہدے پر نہیں رہ سکتا۔بطور سیاسی کارکن میری خدمات ہمیشہ وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ رہیں گی۔ واضح رہے کہ وزیراعظم سیکرٹریٹ نے ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ اختر نواز گنجیرا کو کرپشن کے الزامات پر عہدے سے معطل کر دیا تھا جس پر ریاض پیرزادہ ناراض تھے ۔