سعودی زکوۃ، کسٹم اور ٹیکس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ’مملکت میں مسافروں کو چاہئے کہ وہ 60 ہزار رریال سے زائد رقم ساتھ رکھنے پر کسٹم حکام کو مطلع کریں‘۔
اخبار 24 نے کسٹم و ٹیکس اتھارٹی کے حوالے سے بتایا کہ’ کسٹم قوانین کے مطابق مملکت سے روانگی یا آمد پر مسافروں کو چاہئے کہ وہ مروجہ قوانین کی پاسداری کریں‘۔
’ایسے مسافر جو مملکت آرہے ہوں یا یہاں سے سفر کررہے ہوں اگران کے پاس 60 ہزار ریال مالیت یا اس سے زائد کی رقم یا زیورات ہوں تو اس بارے میں محکمہ کسٹم کے حکام سے رجوع کرکے مقررہ فارم پرکریں جس میں مالیت یا اس سے زیادہ کی رقم یا زیورات کا اندراج کرایا جائے‘۔
اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ’ اندراج کے مراحل کو آسان بناتے ہوئے اتھارٹی کی ویب سائٹ اور ایپلیکیشن پربھی فارم کی سہولت فراہم کی گئی ہے‘۔
یاد رہے کہ سعودی عرب کے سفری قوانین کےتحت مسافروں کے لیے نقد رقم اور سونے کے زیوارت کی انتہائی حد مقرر کی گئی ہے اس سے زائد رقم یا قیمتی دھاتیں لانے اور لے جانے کی صورت میں کسٹم حکام کو مطلع کرنا ضروری ہے۔