سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے انجینیئر الحمد الوسیدی کو جنرل اتھارٹی برائے سروے اور جغرافیائی معلومات کا سربراہ مقرر کیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق انجینیئر الحمد الوسیدی نے برطانیہ کی گلاسگو یونیورسٹی سے جغرافیائی ڈیٹا اور نقشہ جات سائنس میں ماسٹرز کیا ہے۔ وہ ہالینڈ کی ٹوئنٹی یونیورسٹی سے فضائی سروے اور ریموٹ سینس میں بھی ماسٹرز ہیں۔
انجینیئر الحمد الوسیدی سروے، ریموٹ سینس اور جغرافیائی معلومات کے شعبے میں 25 سال سے زیادہ کا تجربہ رکھتے ہیں۔ جغرافیائی معلومات کے شعبے میں ملکی اوربین الاقوامی پروگراموں میں شرکت کرتے رہے ہیں۔
وزارت دفاع کے عسکری سروے کے ادارے میں فضائی سروے اور ریموٹ سینس کے حوالے سے عملی زندگی کا آغاز کیا۔ انہیں سروے اور جغرافیائی معلومات سے تعلق رکھنے والے منصوبوں کا نگراں بنایا گیا پھر وہ وزارت دفاع سے سروے اور جغرافیائی معلومات جنرل اتھارٹی منتقل ہوگئے۔ یہاں انہیں جغرافیائی معلومات امور کا نگراں اعلی بنادیا گیا تھا۔
انجینیئر الحمد الوسیدی قانون سازی اور ترقیاتی امور کے متعدد اہم منصوبوں میں شامل رہے اور پھر پبلک انویسٹمنٹ فنڈ سے وابستہ ہوئے تھے۔