Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاسپورٹ کی ایکسپائری میں 45 دن باقی، خروج وعودہ لگ سکتا ہے؟

پاسپورٹ کی مدت 90 دن سے کم ہونے پر جوازات کا خود کارسسٹم درخواست رد کردیتا ہے( فائل فوٹو اے ایف پی)
سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کے قانون کے مطابق مملکت میں کام کرنے والے غیر ملکیوں کے سپانسرز کے ذمے کارکنوں کی دستاویزات مکمل رکھنے کی ذمہ داری ہوتی ہے جس میں کارکنوں کا اقامہ، ان کی سالانہ میڈیکل انشورنس، خروج وعودہ یا فائنل ایگزٹ ویزے کا اجرا ودیگر امور کی انجام دہی شامل ہے۔
 ایک شخص نے جوازات کے ٹوئٹرپردریافت کیا ’سائق خاص کے اقامے پرمقیم ہوں، اقامے میں تصویر دس برس پرانی ہے اسے کیسے تبدیل کروں؟ 
سوال کا جواب دیتے ہوئے جوازات کا کہنا تھا کہ ’اقامے میں تصویر تبدیل کرانے کےلیے جوازات کے کسی بھی قریبی دفتر سے پشگی وقت حاصل کیا جائے‘۔ 
’مقررہ وقت پرجوازات کے دفتر سے رجوع کریں اپنے ہمراہ کارآمد پاسپورٹ لائیں جس پرنئی تصویر لگی ہو۔ اقامے میں بدلی جانے والی تصویراس طرح بنوائی جائے کہ اس کا بیک گراونڈ سفید ہواور سر پرٹوپی یا رومال نہ رکھا ہو‘۔ 
واضح رہے اقامے میں تصویر تبدیل کرانے کےلیے جوازات کے کسی بھی قریبی دفتر سے وقت حاصل کرتے وقت وجہ بیان کی جاتی ہے جس میں یہ وضاحت کی جائے کہ تصویر کافی پرانی ہے جس کی وجہ سے چہرے کی شناخت میں تبدیلی آئی ہے۔ 
اقامے میں فوٹوتبدیل کرانے کے بعد نیا کارڈ پرنٹ کیا جاتا ہے۔ بعدازاں نئی تصویر کے ساتھ اقامہ ابشرسسٹم میں بھی اپ لوڈ کردیاجاتا ہے۔ 
 جوازات سے ایک شخص نے استفسار کیا ہے کہ ’ چھٹی پر جانا ضروری ہے، پاسپورٹ کی ایکسپائری میں 45 دن باقی ہیں، خروج وعودہ ویزے کےلیے کم از کم کتنی مدت ہونا ضروری ہے؟ کفیل کا کہنا ہے کہ پاسپورٹ کی مدت کم ہے اس لیے خروج وعودہ نہیں لگ رہا ؟ 
اس حوالے سے جوازات کا کہنا تھا کہ’ خروج وعودہ کے لیے قانونی طورپر غیرملکی کارکن کے پاسپورٹ کی مدت کم از کم 90 دن ہونا ضروری ہے‘۔ 

 پاسپورٹ کی انٹری کرنے کےعمل کوعربی میں ’نقل معلومات ‘ کہا جاتا ہے۔(فوٹو ایس پی اے)

’پاسپورٹ کی مدت 90 دن سے کم ہونے کی صورت میں جوازات کا خود کارسسٹم درخواست کو رد کردیتا ہے جس کی وجہ سے خروج وعودہ نہیں لگایا جاسکتا‘۔ 
واضح رہے اگرہنگامی بنیاد پرجانا ضروری ہواورپاسپورٹ کی تجدید میں تاخیر ہونے کا اندیشہ ہوتو اس صورت میں سفارتخانے یا قونصلیٹ سے رجوع کرکے پاسپورٹ کی مدت میں عارضی اضافہ کرایا جاسکتا ہے۔ 
پاسپورٹ کی مدت میں عارضی اضافہ کرانے کے بعد جوازات کے سسٹم میں نئی ایکسپائری فیڈ کرائی جائے جس کے بعد خروج وعودہ لگانا ممکن ہوجائے گا۔ 
جوازات میں پاسپورٹ کی نئی ایکسپائری فیڈ کرانے کےلیے جوازات کے دفترجانے کی ضرورت نہیں ہوتی بلکہ اسپانسرکے ابشریا مقیم اکاونٹ کے ذریعے سے ہی پاسپورٹ کی مدت میں کی گئی توسیع فیڈ کرائی جاسکتی ہے۔ 
سسٹم میں پاسپورٹ کی انٹری کرنے کےعمل کوعربی میں ’نقل معلومات ‘ کہا جاتا ہے۔ یہ سروس ماضی میں جوازات کے دفترجاکرحاصل کی جاتی تھی تاہم اب ڈیجیٹل ذریعے سے نقل معلومات کرانا ممکن ہے۔ 
ابشریا مقیم پلیٹ فارم پرجوازات سروس کے پورٹل پر’تواصل‘ سروس موجود ہے جہاں پاسپورٹ کی نقل معلومات کرائی جاسکتی ہیں۔

شیئر: