مملکت میں انگور کی سالانہ پیداوار 101 ہزار ٹن سے تجاوز
وزارت نے مختلف علاقوں میں 3746 ہیکٹراراضی مخصوص کی ہے(فوٹو الاقتصادیہ)
سعودی وزارت ماحولیات ، پانی وزراعت کا کہنا ہے کہ ’مملکت میں سالانہ بنیاد پر انگور کی پیداوار 101 ہزارٹن سے تجاوز کرگئی ہے‘۔
انگور کی کاشت کےلیے وزارت نے مختلف علاقوں میں 3746 ہیکٹراراضی مخصوص کی ہے جہاں انگوروں کی کاشت کامیابی سے جاری ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارت زراعت وپانی کا کہنا ہے کہ ’انگور ایسا پھل ہے جس کی کاشت کےلیے پانی کی زیادہ ضرورت نہیں ہوتی جبکہ مختلف ساخت کی مٹی کو بھی انگور کی بیل جلد قبول کرلیتی ہے‘۔
انگور کی کاشت کو فروغ دینے کے حوالے سے وزارت زراعت نے بتایا کہ ’مملکت کے مختلف علاقوں میں جدید سائنسی بنیادوں پرانگور کی بہتر انداز میں کاشت کا عمل جاری ہے جس میں مزید اضافہ کیاجائے گا‘۔
موسمی حالات اورمٹی کے حوالے سے وزارت زراعت نےکہا کہ ’مملکت کے مختلف علاقوں میں موسمی حالات اور وہاں پائی جانے والی مٹی انگور کی کاشت کے لیے معاون ثابت ہوتی ہے جبکہ جون سے ستمبر تک انگور کی کاشت کے لیے بہترین موسم مانا جاتا ہے‘۔
وزارت زراعت نے مزید کہا کہ ’اس وقت مملکت کے مختلف علاقے جن میں قصیم ، تبوک ، الجوف ، مدینہ منورہ ، مکہ مکرمہ ، الباحہ ، عیس ، ریاض ، حائل ، نجران اورحدود الشمالیہ شامل ہیں میں انگور کی کاشت کامیابی سے کی جارہی ہے‘۔