رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ پاکستانی بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ مشکل میں گھرے متاثرین کی بحالی کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے۔
پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل نے تنظیم کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے ہنگامی ریلیف آپریشن کا افتتاح کیا۔
مزید پڑھیں
اس آپریشن کے تحت سیلاب سے متاثرہ علاقوں خیبر پختونخوا، جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں ریلیف کا سامان متاثرین میں تقسیم کیا جائے گا۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں سیکریٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی نے کہا کہ ’تنظیم کی بنیاد ہی اخوت اور بھائی چارے پر رکھی گئی ہے۔‘
’پاکستان اس تنظیم کا اہم رکن ہے۔ پاکستانی عوام ہمارے بھائی اور بہنیں ہیں جو اس وقت مشکل سے دو چار ہیں۔ ہم پوری کوشش کریں گے کہ ان کے زخموں پر مرہم رکھ سکیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’سعودی عرب کی جانب سے پہلے ہی پاکستانی سیلاب متاثرین کی امداد کا سلسلہ جاری ہے۔ رابطہ عالم اسلامی بھی اس سلسلے میں اپنا حصہ ڈالے گی۔‘
بعد ازاں سیکریٹری جنرل کو امدادی سامان کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہیں بتایا گیا کہ سیلاب متاثرین کے لیے بھیجے جانے والے سامان میں خیمے، کھانے کے برتن، خشک راشن، ہائی جین کٹ، کمبل تولیے اور دیگر اشیا شامل ہیں۔
سیکریٹری جنرل نے روانہ کیے گئے 40 ٹرکوں کا معائنہ بھی کیا اور ٹرک ڈرائیوروں سے ملاقات بھی کی۔
قبل ازیں انہوں نے پاکستان میں اپنے دورے کی مصروفیات کا آغاز پاکستان کے وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور سے ملاقات سے کیا۔
