الشرقیہ میں پبلک ٹرانسپورٹ پروجیکٹ کے تجرباتی مرحلے کا آغاز
الشرقیہ میں پبلک ٹرانسپورٹ پروجیکٹ کے تجرباتی مرحلے کا آغاز
پیر 10 اکتوبر 2022 21:11
دمام، الخبر، الظہران اور القطیف روٹس پر بسیں چلائی جائیں گی( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں الشرقیہ میونسپلٹی نے پبلک ٹرانسپورٹ پروجیکٹ کے تجرباتی مرحلے کا آغازکیا ہے۔ سروس روزانہ 18 گھنٹے مہیا ہوگی۔
الاقتصادیہ کے مطابق دمام، الخبر، الظہران اور القطیف روٹس پر بسیں چلائی جائیں گی۔ یہ بسیں روزانہ 400 کلو میٹر کا سفر طے کریں گی۔
الشرقیہ میونسپلٹی نے بیان میں کہا کہ’ پبلک ٹرانسپورٹ بس سروس کے لیے 212 سٹینڈ قائم کیے جائیں گے۔ شہروں کے تمام اہم پوائنٹس کور کریں گے‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’جدید سہولتوں سے آراستہ 85 نئی بسیں چلائی جائیں گی۔ معذوروں کے لیے خصوصی سروس ہے۔ ایک بس میں 81 افراد سفر کرسکیں گے۔
بس سروس صبح ساڑھے 5 سے رات ساڑھے گیارہ بجے تک مہیا رہے گی(فوٹو ایس پی اے)
بس سروس روزانہ صبح ساڑھے 5 سے رات ساڑھے گیارہ بجے تک 18 گھنٹے مہیا رہے گی‘۔
الشرقیہ میونپسلٹی کا کہنا ہے کہ’ بسوں کی نگرانی اور بس آپریشن پر نظر رکھنے کے لیے سمارٹ سسٹم نصب ہے۔ کرایے کی ادائیگی سمارٹ کارڈ ز کے ذریعے ہوگی جنہیں ای چینلز سے ریچارج کیا جاسکے گا۔‘
الشرقیہ میونسپلٹی نے دمام اور القطیف میں بس پبلک ٹرانسپورٹ پروجیکٹ چلانے کے لیے ایک کمپنی کے ساتھ پانچ سالہ معاہدہ کیا ہے۔
میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ ’بس سروس سے کاربن کے اخراج میں کمی واقع ہوگی اور ٹریفک رش بھی کنٹرول میں رہے گا۔‘