Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض لیبر آفس نے 67 غیر ملکی کارکنان کے کیس صلح کے ذریعے طے کرا دیے

اگر فریقین راضی نہیں ہوتے تو کارکنوں کے تنازعات دوستانہ ماحول میں طے کرانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ ( فوٹو سبق)
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کے ماتحت ریاض لیبر آفس نے عرب اور مشرقی ایشیا کے67 غیرملکی کارکنان کا اجتماعی کیس بدھ کو صلح کے ذریعے نمٹایا ہے۔ 
سبق ویب سائٹ کے مطابق ریاض ریجن میں وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد الحربی نے صلح کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ’45 کارکنان کی صلح اس بنیاد پر کرائی گئی ہے کہ وہ آجر کے یہاں کام کرتے رہیں گے اور آجر انہیں ملازمت کے معاہدے حوالے کرے گا۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’22 کارکنان کا معاملہ ان کے مالی حقوق دینے، ملازمت کا معاہدہ ختم ہوجانے پر فائنل ایگزٹ لگوا کر وطن واپسی کا ٹکٹ دیے جانے پر طے کرایا گیا ہے۔‘
ڈاکٹر محمد الحربی نے بتایا کہ ’ملازمت کے معاہدوں، محنتانوں، ڈیوٹی کے دوران زخمی ہوجانے کے واقعات وغیرہ سے متعلق تنازعات دوستانہ ماحول میں طے کرائے جاتے ہیں۔ اگر فریقین راضی نہیں ہوتے تو ایسی صورت میں قانون محنت اور اس کے لائحہ عمل کے مطابق تنازعات نمٹائے جاتے ہیں۔‘

شیئر: