قذافی کی قبر کہاں؟ مطالبہ زور پکڑ گیا
جمعرات 20 اکتوبر 2022 22:42
قبرکی نشاندہی کے بارے میں لیبیا کے عوام میں ملا جلا رد عمل پایا جاتاہے(فوٹو، ٹوئٹر)
لیبیا کے سابق رہنما کرنل معمر قذافی کی خفیہ قبر ان کے قتل کے 11 برس گزرنے کے بعد ایک بار پھرسرخیوں میں ہے۔ قذافی اور ان کے بیٹے اور وزیر دفاع کو 20 اکتوبر2011 کو قتل کردیا گیا تھا۔
الشرق الاوسط اخبار کے مطابق معمر قذافی نے تقریباً 42 برس تک ملک پرراج کیا۔ ان کے دشمن انہیں ڈکٹیٹرکہتے ہیں جبکہ حامی اورعوام کا ایک حلقہ آج بھی قذافی کے عہد کو اچھے نام سے یاد کررہا ہے۔
قذافی کے حامی افراد نیٹو پراپنے ملک کے خلاف سازش کرنے اوراس کا بنیادی ڈھانچہ تباہ کرنے کا الزام لگا رہے ہیں۔
قذافی کے قتل پر11 برس گزرجانے کے باوجود لیبیا کے بعض شہر خصوصا جنوبی علاقوں کے باشندوں میں انکی موت پررنج وملال کابرملا اظہار کیا جارہا ہے۔ اس حوالے سے قذافی کی قبر کا راز معلوم کرنے کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔
کچھ لوگوں کا موقف ہے کہ قبر کو نامعلوم رکھنا ہی بہتر ہوگا کیونکہ اسکا علم ہوتے ہی موافق اورمخالف عناصر ایک دوسرے کے مقابل آجائیں گے اورملک ایک اورفتنے میں مبتلا ہوجائے گا۔
واضح رہے لیبیا کے مغربی شہر مصراتہ کے باشندے مقتولین کی لاشیں سرحد سے اٹھا کراپنے یہاں لے گئے تھے انہوں نے خفیہ طریقے سے قذافی ان کے بیٹے اور وزیر دفاع کی تدفین کی تھی اس وقت سے قذافی کے حامی قبروں کا راز جاننے کےلیے مہم چلا رہے ہیں۔