نئی دہلی۔۔۔۔ترک صدر طیب اردگان نے پیر کو نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی ہے ۔باہمی دلچسپی کے امور ، علاقائی مسائل ،نیوکلیئر سپلائی گروپ میں ہند کی شمولیت ، تجارت کے فروغ اور انسداد دہشتگردی کیلئے تعاون سمیت کئی امور زیر غور آئے۔ترک صدر گزشتہ روز نئی دہلی پہنچے تھے۔ان کے ہمراہ سینیئر وزاراء کے علاوہ 150رکنی تاجروں کا وفد بھی آیا ہے جو ہند ترکی بزنس فورم میں شرکت کریگا۔دریں اثناء ہندوستانی ٹی وی کو انٹرویو میں ترک صدر اردگان نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کردارادا کرنے کی پیشکش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا مذاکراتی حل پاک و ہند کے مفاد میں ہے۔ تنازع کے حل کیلئے ممکن ہوا تو ترکی اس میں شامل ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلے کے حل سے دونوں ملکوں کو ریلیف ملے گا اور خطے میں امن قائم ہوگا۔