وزن کم کرنے اور فٹ رہنے کے لیے روزانہ کتنے قدم چلنا چاہیے؟
وزن کم کرنے اور فٹ رہنے کے لیے روزانہ کتنے قدم چلنا چاہیے؟
اتوار 23 اکتوبر 2022 18:16
موبائل فون پر کسی کی کال آئی ہو آپ بات کرتے ہوئے چلنے کی کوشش کریں (فوٹو: فری پِک)
چہل قدمی کو معمول بنانے سے آپ فٹ رہ سکتے ہیں اس کے لیے روزانہ آٹھ ہزار قدم چلنا چاہیے۔ ابتدا میں شاید یہ تھوڑا سا مشکل ہو، لیکن اپنے طرز زندگی میں تھوڑی بہت تبدیلی کر کے آپ یہ ہدف حاصل کر سکتے ہیں۔
ماہرین نے روزانہ چلنے کی مقدار (سٹیپس کاؤنٹ - قدموں کی تعداد) بڑھانے کے لیے کچھ ٹِپس دی ہیں جو آپ کے لیے فائدہ مند ہو سکتی ہیں۔
لِفٹ یا ایلیویٹر سے آپ آسانی سے بالائی منزل پر جا سکتے ہیں اور اس میں کوئی حرج بھی نہیں، لیکن اگر آپ قدموں کی تعداد بڑھانا چاہتے ہیں تو سیڑھی کا استعمال اس کے لیے بہترین انتخاب ہے۔
2. گاڑی کو مارکیٹ سے دور پارک کریں
مارکیٹ یا سٹور کے قریب گاڑی پارک کرنے سے آسانی محسوس ہوتی ہے، لیکن اسے تھوڑا دور پارک کرکے آپ روزانہ چلنے کی مقدار میں بآسانی چند سو قدموں کا اضافہ کر سکتے ہیں۔ اگر آپ نے دن میں کئی مقامات پر جانا ہو تو اس طریقے کو اپنا کر اپنے سٹیپ کاؤنٹ میں ہرروز ایک ہزار سے زیادہ قدم بڑھا سکتے ہیں۔
3. دن کا آغاز متحرک طریقے سے کریں
اگر آپ دن کا آغاز واک سے کرتے ہیں تو آپ کو دن کے باقی حصوں میں زیادہ محنت نہیں کرنی پڑے گی اور آپ اپنا ہدف آسانی سے پورا کر سکیں گے۔
4. لنچ یا فارغ اوقات میں واک کریں
دوپہر کے کھانے کے بعد یا دن میں کسی اور موقع پر جب آپ کے پاس فارغ وقت ہو تو اپنے قدموں کی تعداد بڑھانے کے لیے واک کریں۔ اس طرح سے آپ کو اپنا ہدف پورا کرنے میں آسانی ہو گی۔
5. الارم لگائیں
اگر آپ کو بھولنے کی عادت ہے تو موبائل فون یا سمارٹ واچ پر الارم لگانے سے آپ کو متحرک رہنے میں مدد ملے گی۔ اگر آپ دفتر میں ڈیسک پر کام کرتے ہیں تو خود کو متحرک رکھنے کے لیے وقفہ لیں۔
6. کھانے کے بعد مختصر واک
کیا آپ جانتے ہیں کہ کھانے کے بعد 10 سے 15 منٹ واک کرنے سے خوراک ہضم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ اگر آپ یہ عادت اپنا لیتے ہیں تو دن میں 30 منٹ سے زیادہ واک کر سکتے ہیں اور آپ کے قدموں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہو سکتا ہے۔
7. موبائل فون پر بات کرتے ہوئے واک کریں
چاہے زوم، واٹس ایپ کال ہو یا موبائل فون پر کسی کی کال آئی ہو، آپ بات کرتے ہوئے چلنے کی کوشش کریں۔ اس سے بھی آپ روزانہ چلنے کی مقدار بڑھا سکتے ہیں۔
8. روز مرہ کے کاموں میں واک شامل کریں
پورے دن میں آپ جو بھی ضروری کام کرتے ہیں اور وہ آپ کے معمول کا حصہ ہیں ان میں واک کو بھی شامل کریں۔ یہ سمجھیں کہ یہ بھی ایک ضروری کام ہے اور اس پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جا سکتا۔ اس طرح آپ کے قدموں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔