کومک کون عربیہ کے آخری دن کھلاڑیوں نے میدان مار لیا
کومک کون عربیہ کے آخری دن کھلاڑیوں نے میدان مار لیا
پیر 24 اکتوبر 2022 14:52
گیمز میں آنے والوں نے مخصوص لباس اور میک اپ کے ساتھ فن کا مظاہرہ کیا۔ فوٹو عرب نیوز
جدہ کے انٹرنیشنل کنونشن سنٹر میں جاری تین روزہ فیسٹیول کومک کون عربیہ 2022 مکمل عروج حاصل کرنے کے بعد ہفتے کے روز اختتام پذیر ہوگیا۔
عرب نیوز کے مطابق فیسٹیول میں ہونے والے مقابلوں اور کوس پلے میں حصہ لینے والوں نے مختلف لباس پہن کر چہروں پر مخصوص میک اپ کے ساتھ نئی نئی مہارت اور سٹائل میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
کوس پلے مقابلوں کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔جس میں کومک کون عربیہ میں بہترین کارکردگی اور بہترین ملبوسات سے توجہ حاصل کرنے والے کے لیے دس ہزار ریال کی انعامی رقم مخصوص تھا۔
فیسٹیول میں موجود تفریحات میں شامل بورڈ گیمز، لائیو ڈرائنگ سٹینڈز کے علاوہ میوزک پروگرام اور کھانے پینے کے سٹالز بھی سجائے گئے تھے۔
فیسٹیول میں شرکت کے لیے ایسٹرن ریجن سے آنے والے ابراہیم السعدان نے بتایا ہے کہ میں نے کومک کون عربیہ کیٹیگری میں مقابلہ جیتا ہے اس کے ساتھ پانچ ہزار ریال کا نقد انعام حاصل کیا ہے۔
25 سالہ نوجوان نے بتایا کہ مجھے بچپن سے ہی کوس پلے کے مختلف کرداروں میں مہارت حاصل کرنے کا شوق رہا ہے۔
انہوں نے مورٹل کومبٹ فائٹنگ گیم کے ایک ولن کردار، اسکارپیئن کے کردار سے یہ مقابلہ جیتا ہے۔
السعدان نے بتایا ہے کہ انہیں اپنا لباس تیار کرنے میں چھ ہفتے لگے اور مزید ایک ہفتہ پوز دینے میں مہارت حاصل کرنے پرصرف ہوا،اس لیے میرے لیے یہ فتح کوئی حیرانی کی بات نہیں تھی۔
السعدان نے بتایا کہ میں اس سے قبل ریاض میں جاپانی بین الاقوامی کاس پلے چیمپئن شپ میں مملکت کی نمائندگی کر چکا ہوں اور آج میری یہ چھٹی کامیابی تھی۔
فیسٹیول میں سعودی شائقین نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں سے کوس پلے کو ایک بہترین مقام دیا ہے۔
علاوہ ازیں بہترین ملبوسات کے ساتھ شاندار مہارت میں 2500ریال کے انعامات جیتنے والوں میں جاپانی مانگا آرٹ اینڈ گیمز کے کردار شامل تھے۔