گوادر: پہاڑی تودے کے ملبے تلے دبے افراد میں سے ایک اور لاش نکال لی گئی
مقامی لوگوں کے مطابق یہاں جیونی، گنز اور ملحقہ علاقوں سے لوگ تفریح کے لیے آتے ہیں (فوٹو: اردو نیوز)
بلوچستان کے ضلع گوادر میں ساحل سمندر پر پہاڑی تودہ گرنے کے نتیجے میں ملبے تلے دبے افراد میں سے ایک اور کی لاش نکال لی گئی۔ تین افراد کو کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود نہیں نکالا جا سکا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گوادر ذاکر علی نے اردو نیوز کو بتایا کہ سمندری لہروں کے باعث مشینری لے جانے اور امدادی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔
اے ڈی سی کے مطابق یہ حادثہ اتوار کی شام کو گوادر کے علاقے جیونی کے قریب ساحلی تفریحی مقام دران میں پیش آیا جہاں سات افراد پکنک کے لیے گئے تھے۔
مقامی لوگوں کے مطابق یہاں جیونی، گنز اور ملحقہ علاقوں سے لوگ تفریح کے لیے آتے ہیں اور مچھلی کا شکار بھی کرتے ہیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گوادر کا کہنا تھا کہ یہاں ایک طرف پتھر اور مٹی کے پہاڑ اور دوسری طرف سمندر ہے۔ پہاڑ کے ساحل کے قریب والا حصہ بارشوں، سمندری لہروں اور نمی کی وجہ سے کمزور ہوتا ہے اور چھوٹے تودے گرتے رہتے ہیں۔
ان کے مطابق اتوار کو پہاڑی کا کمزور حصہ گرنے سے ملبے تلے سات افراد دب گئے جن میں ایک بچہ بھی شامل تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ سات سالہ تبریز کی لاش اتوار کو ہی نکال لی گئی تھی، جبکہ دو افراد کو زخمی حالت میں نکالا گیا۔ باقی چار افراد پھنس گئے۔
اے ڈی سی کا کہنا تھا کہ اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر گوادر عزت نذیر خود موقع پر پہنچے اور وہ کل سے امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ، لیویز، پاک بحریہ اور کوسٹ گارڈ کے اہلکار اور مقامی لوگ امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بڑی چٹانوں کا ہٹانا مشینری کے بغیر ممکن نہیں تھا اس لیے بھاری مشینری کی مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا مگر سمندری پانی کے اتار چڑھاؤ کی وجہ سے وہاں تک مشینری نہیں پہنچ پا رہی تھی۔ ’پاک بحریہ کی بڑی کشتی بھی یہاں تک نہیں پہنچ سکتی تھی اس لیے ملبہ ہٹانے میں مشکلات پیش آئیں۔ تقریباً 24 گھنٹے بعد پیر کو پانی کم ہونے کے بعد مشینری وہاں پہنچائی گئی اور ملبہ ہٹانے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔‘
ذاکر علی کے مطابق سوموار کو ایک اور لاش نکال لی گئی جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد دو ہوگئی۔ تین افراد اب تک پھنسے ہوئے ہیں جن کے زندہ ہونے کے امکانات بہت کم ہیں انہیں بھی آج رات تک ملبے سے نکال لیا جائےگا۔
انتظامیہ کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے افراد میں دو بھائی شامل ہیں جن میں سے ایک کی لاش نکالی جا چکی ہے۔