Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہزادہ محمد بن سلمان سے وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات

سعودی ولی عہد شہزاد محمد بن سلمان سے منگل کو ریاض میں پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے ملاقات کی۔
وزیراعظم شہباز شریف ملاقات کے لیے قصر یمامہ پہنچے تو سعودی ولی عہد نے اُن کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔
شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیراعظم شہباز شریف نے دوستانہ ماحول میں دوطرفہ تعلقات اور انہیں مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی ولی عہد اور پاکستانی وزیراعظم کے درمیان ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی تعلقات، دوطرفہ تعاون کے پہلوؤں اور مختلف شعبوں میں انہیں فروغ دینے کا جائزہ لیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ 
’سیلاب متاثرین کی امداد پر شکریہ‘
پاکستان کے دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم نے ولی عہد شہزادہ، عزت مآب محمد بن سلمان کے ساتھ اپنے وفد کے ارکان کے ہمراہ دو طرفہ ملاقات کی۔
 انہوں نے پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب کے دوران امداد فراہم کرنے، خاص طور پر، پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان کی فراہمی کے لیے ریاض اور اسلام آباد کے درمیان خصوصی پروازوں پر سعودی عرب کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
 وزیراعظم نے فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو (ایف آئی آئی) کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر ولی عہد کو مبارکباد دی۔  انہوں نے عالمی رہنماؤں اور دنیا بھر سے کاروباری برادری کو اکٹھا کرنے کے لیے فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو کو ایک اہم اقدام کے طور پر اس کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
 دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا اور پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
 ولی عہد نے اس بات کا اعادہ کیا کہ سعودی پاکستان تعلقات دونوں ممالک، خطے اور دنیا کے لیے اہم ہیں۔
پاکستانی وفد میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر، قائم مقام سیکریٹری خارجہ  شامل ہیں۔
سعودی  وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان، وزیر مملکت و رکن کابینہ شہزادہ ترکی بن محمد بن فہد، کھیلوں کے وزیر شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل، وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف، وزیر نیشنل گارڈز شہزادہ عبداللہ بن بندر، وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، وزیر مملکت و رکن کابینہ و مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر مساعد العیبان، وزیر خزانہ محمد الجدعان اور پاکستان میں متعین سعودی سفیر نواف المالکی موجود تھے۔ 
وزیر اعظم شہباز شریف نے ٹویٹ کیا کہ ’سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے شاندار ملاقات کی ہے‘۔
’ہم نے بدلتی ہوئی دنیا  کے تقاضوں کے مطابق دوطرفہ اور برادرانہ تعلقات کی سطح کو نئی بلندیوں تک پہنچانے اور بڑھانے پر اتفاق کیا ہے‘۔
’میں نے سعودی ولی عہد کو بتایا ہے کہ پاکستان کےعوام ان کے دورے کے شدت سے منتظر ہیں‘۔
قبل ازیں پیر کو اپنے ٹوئٹر پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے لکھا تھا کہ ’میں فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو سمٹ میں شرکت کے لیے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب روانہ ہو رہا ہوں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’عالمی معیشت کی موجودہ حالت اضطراب پر قابو پانے اور نئی راہیں استوار کرنے کے لیے نئی سوچ اور جرات مندانہ وژن کی ضرورت ہے۔‘
پاکستان کے دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ’وزیراعظم شہباز شریف، سعودی ولی عہد سے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی شعبے میں کثیر جہتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور دیرینہ برادرانہ تعلقات میں مزید بہتری پر مشاورت کریں گے۔‘
خیال رہے کہ شہباز شریف نے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد اپنا پہلا غیر ملکی دورہ سعودی عرب کا کیا تھا جس کے دوران ان کی سعودی قیادت بشمول فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقاتیں ہوئی تھیں۔

شیئر: