Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران کے شہر شیراز میں مزار پر حملہ، 15 افراد ہلاک

نیم سرکاری نیوز ایجنسی تسنیم کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ (فائل فوٹو: وکی میڈیا کامنز)
ایران کے سرکاری میڈیا نے کہا ہے کہ ایرانی شہر شیراز میں ایک مزار پر تین مسلح افراد نے فائرنگ کر کے 15 زائرین کو ہلاک اور 10 کو زخمی کر دیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق بدھ کو ہونے والے اس حملے کو ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ارنا نے ’دہشت گردانہ‘ حملہ قرار دیا ہے۔
ارنا نے کہا ہے کہ فائرنگ کا یہ واقعہ شیراز کے شاہ چراغ مزار پر مقامی وقت کے مطابق شام 5:45 پیش آیا۔ حملہ آوروں نے گاڑی میں سے مزار کے داخلی دروازے پر زائرین اور سٹاف کو نشانہ بنایا۔
ارنا کے مطابق دو حملہ آوروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ تیسرے کی گرفتاری کے لیے کوشش کی جا رہی ہے۔
نیم سرکاری نیوز ایجنسی تسنیم نے سکیورٹی سے وابستہ ایک شخص کا نام ظاہر نہ کرتے ہوئے حملے کے حوالے سے بتایا ہے کہ حملہ آوروں کا تعلق سنی انتہا پسندوں گروہ سے تھا جنہوں نے ملک میں پھیلی بدامنی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے حملہ کیا۔
تسنیم کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پولیس حراست میں 22 سالہ لڑکی مہسا امینی کی ہلاکت کے بعد 16 ستمبر سے ایران میں حکومت مخالف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔
انسانی حقوق کے گروہوں کے مطابق ابھی تک 200 مظاہرین ہلاک جبکہ ہزاروں افراد گرفتار ہو چکے ہیں۔

شیئر: