Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عورت کی انتظامی صلاحیتوں اور عقل کی امتحان گاہ ،باورچی خانہ

جدید دور کی تیز رفتاری سے سب سے زیادہ باورچی خانہ ہی متاثر ہوا ہے، فاسٹ فوڈکا شوق ، مسابقتی دوڑ اور ماڈرن نظر آنے کا خبط ، اس کی اہم وجوہ ہیں
- - - - - - -  -- -
تسنیم امجد۔ ریاض
- - - - - - - -  -
رمضان کریم کی برکتیں وصول کرنے کیلئے کھانے پینے پر بند باندھنا ضروری ہے۔ خاتون خانہ کی زندگی کا ایک چوتھائی حصہ یعنی 25 فیصد ، باورچی خانے میں گزرتا ہے۔ یہ بیان ناقابل ترمیم و تردید ہے کہ گھر کا مصروف ترین مقام باورچی خانہ یا کچن ہی ہے جہاں منہ اندھیرے بتی جلتی ہے اور رات گئے بجھتی ہے۔عورت کی انتظامی صلاحیتوں اور عقل و دانش کی امتحان گاہ یہی باورچی خانہ ہے ۔خاتون خانہ کی گرہستی کا پرتو اسی حصے میں نظر آتا ہے۔ شوہر کے دل میں گھر کرنا اور بچوں کو ان کے من پسند کھانے کھلانا ان کی اولین خواہش و کوشش ہوتی ہے۔ جدید دور میں زندگی کی تیز رفتاری سے سب سے زیادہ گھر کا یہ اہم گوشہ یعنی باورچی خانہ متاثر ہوا ہے۔ فاسٹ فوڈکا شوق ، مسابقتی دوڑ اور ماڈرن نظر آنے کا خبط ، اس کی اہم وجوہ ہیں۔ یہ جانتے ہوئے بھی کہ اس سے صحت کس طرح متاثر ہوتی ہے، اس پر پابندی نہیں لگائی جاتی۔
آج ماؤں کو بچوں سے شکایت ہے کہ وہ ان کی ایک نہیں سنتے اور فاسٹ فوڈ ہی کھانا پسند کرتے ہیں۔ کچھ خواتین کو شوہروں سے بھی شکایت ہے کہ رات کا کھانا باہر ہی کھانا چاہتے ہیں۔ کتنا ہی اچھا پکا ہو لیکن انہو ں نے گھر کا کھانا کھانے کے بعد باہر ضرور جانا ہے۔ جب باپ باہر جائے تو بچوں کو کیسے روکا جا سکتا ہے؟ صحت اور بیماری ایک ہی تصویر کے دو رخ ہیں جن کا گہرا تعلق پیٹ سے ہے۔ خوراک کا صحت اور معمولات زندگی سے گہرا رشتہ ہے۔ ہر طبیب بیماری کے اسباب معلوم کرنے کے بعد دواؤں کے ساتھ غذا کے حوالے سے رہنمائی ضرور کرتا ہے۔ کھانے پینے کی غلط عادات اور اوقات، صحت کے دشمن ہیں۔
ایشیائی خواتین گھر والوں کے سامنے ہتھیار ڈال دیتی ہیں کیونکہ ایسا نہ کریں تو انہیں باتیں سننی پڑتی ہیں ، شوہر کی ناراضی مول لینی پڑتی ہے اور بچوں کا واویلا برداشت کرنا پڑتا ہے، جو ہماری خاندانی ثقافت کا حصہ ہے۔ اس سلسلے میں چینی خواتین کو خاصی چھوٹ ہے۔ وہ غذا اور دوا میں کوئی امتیاز روا نہیں رکھتیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جو شے جسم کیلئے اچھی ہو، وہ دوا کا اثر رکھتی ہے اور غذا کا بھی۔ ان کے ملک میں دواؤں کی دکان یعنی فارمیسی کو دیکھ کر یہ کوئی نہیں کہہ سکتا کہ یہ دواؤں کا اسٹور ہے یا کھانے پینے کی اشیاء کا مرکز۔ وہاں دارچینی، کھجور، الائچی اور مختلف مسالے زیادہ نظر آتے ہیں۔
علاج میں چوزے کا شوربہ اور جڑی بوٹیوں کا جو شاندہ لازمی ہوتاہے۔ کھانے پینے کی اشیاء یعنی خوراک بھی ثقافت کا حصہ شمار کی جاتی ہے۔ بدقسمتی سے ہماری خوراک بھی ہماری ثقافت کی طرح ملغوبہ بن چکی ہے۔ تلی ہوئی اور مسالے دارغذائیں زیادہ پسند کی جاتی ہیں۔ اس موضوع پر پھر کبھی تفصیلی بات کریں گے ، آج صرف باورچی خانے تک محدود رہتے ہیں۔ باورچی خانے کی ترتیب ، تزئین اور زیبائش بھی اتنی ہی اہم ہے جتنی گھر کے باقی حصے کی۔رمضان کریم قریب ہے اور اکثر خواتین اس بابرکت ماہ کی نیکیاں سمیٹنے کا ابھی سے بندوبست کررہی ہیں۔ یہ ماہ ہر مسلم بندے کے لئے اللہ کریم کی قربت حاصل کرنے کا اہم موقع ہوتا ہے ۔اس ماہ کی برکتیں وصول کرنے کے لئے کھانے پینے پر بند باندھنا ضروری ہے۔
اکثر سننے کو ملتا ہے کہ’’ تراویح یا صبح کی نماز چھوٹ گئی، ہمت ہی نہیں ہوئی اٹھنے کی ۔‘‘ واہ کیا جواز ہے۔ اماں کہتی ہیں کہ جب گلے تک معدہ بھرلو گے تو پھر سستی و کاہلی کی لپیٹ میں تو ضرور آؤ گے۔ سال کے 11 ماہ خوب چٹخارے لئے ،اگر ایک ماہ سادہ غذا کھا لی جائے اور ذرا تزکیہ نفس بھی ہوجائے تو کیا مذائقہ ہے؟ اس کے عوض جو رحمتیں ملیں گی وہ گیارہ ماہ پر بھاری ہوں گی ۔ ویجیٹیبل لزانیہ سحراور افطار کا اس طرح سے اہتمام کیجئے کہ طبیعت پر بھاری پن نہ ہو۔ یوں یقین کیجئے کہ آپ سستی کی بجائے چستی محسوس کریں گی۔افطار و سحر میں بغیر تلی اشیاء کا استعمال زیادہ کریں۔
اس حوالے سے ایک آزمودہ ڈش آپ کو بتاتے ہیں جو یقینا پسند کی جائے گی:
٭٭ترکیب: گاجر باریک کٹی ہوئی، شملہ مرچ باریک کٹی ہوئی، پھول گوبھی اور بینز، سبھی باریک کاٹ کر پانی میں ایک مرتبہ ابال لیں اور پھر چھلنی میں ڈال دیں تاکہ پانی اچھی طرح نکل جائے۔ اب وائٹ ساس گھر پر ہی بنالیں۔
٭٭وائٹ ساس کی ترکیب: 6 ٹیبل اسپون میدہ بغیر کسی تیل کے نان اسٹنکنگ برتن میں اتنا بھونیں کہ اس کی رنگت ہلکی سنہری ہوجائے۔ ٹھنڈا ہونے پر آہستہ آہستہ اس میں دودھ ڈالیں تاکہ یہ پیسٹ کی شکل میں آجائے۔ حسب منشا ء نمک اور کالی مرچ ڈال لیں۔ اب تیار سبزی کو کسی پین میں نکال کر اوپر وائٹ ساس پھیلا دیں ۔ شیڈر چیز بھی اوپر پھیلا دیں۔ ویسے تو ڈش تیار ہے، بچے بڑے سبھی شوق سے کھاتے ہیں لیکن اگر اسے دس منٹ اوون میں رکھیں گے تو اور بھی لذیر ہوجائے گی۔ ویجیٹیبل لزانیہ تیار ہے۔

شیئر: