لندن .... دندان سازوں سے انجانا خوف ایک عام سی کیفیت ہے۔ اکثر لوگ ہر جگہ چلے جاتے ہیں مگر ڈینٹسٹ کے پاس جانے سے خوف کھاتے ہیں۔ انکی پوری کوشش ہوتی ہے کہ جتنا دندان سازوں سے دور رہا جائے انکے لئے اتنا ہی بہتر ہے مگر تجربات اور اعدادوشمار نے اس خیال کو بری طرح رد کردیا ہے۔ اب ماہرین کا کہناہے کہ انسان کو دانت کی بیماریوں کو بھی اسی طرح سمجھنا چاہئے جس طرح وہ دوسری بیماریوں کو سمجھتا ہے اور اسکا علاج کراتا ہے۔ برٹش ڈینٹل جرنل میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق دندان سازوں کے یہاں جانے سے گھبرانے والے لوگ حقیقت پسند نہیں ہوتے اور یہی انکی اصل بیماری ہے۔ انہیں سمجھنا چاہئے کہ وہ ابتدائی مرحلے میں دندان ساز کے پاس نہیں گئے تو یکے بعد دیگر سارے دانت متاثر ہوکر جھڑ سکتے ہیں۔دانتوں کا مرض پالنے والے افراد منفی سوچ، غم، تھکن اورتشویش وغیرہ میں مبتلا دیکھے جاتے ہیں جس کے نتیجے میں انسان کا طرز زندگی بگڑ جاتا ہے اور وہ بیک وقت جسمانی، نفسیاتی، سماجی اور جذباتی طور پر منفی انداز میں متاثر ہونے لگتا ہے۔