Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ضلع کرم کے ضمنی الیکشن میں بھی عمران خان کامیاب، پی ڈی ایم کو شکست

خیبر پختونخوا کے ضلع کرم کے ضمنی الیکشن میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پی ڈی ایم کو شکست دے دی۔
اتوار کو ضلع کرم کے حلقہ این اے 45 کے ضمنی الیکشن میں عمران خان نے جے یو آئی کے امیدوار کو  بڑے مارجن  سے شکست دے دی۔
الیکشن کمیشن نے اس حلقے میں سکیورٹی خدشات کی وجہ سے 16 اکتوبر کو انتخاب ملتوی کردیا تھا۔
قومی اسمبلی کی نشست این اے 45 کے لیے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور جے یو آئی کے امیدوار جمیل خان سمیت 18 امیدوار میدان میں تھے۔ جے یو آئی کے امیدوار کو  پی ڈی ایم جماعتوں کی حمایت حاصل تھی۔
عمران خان نے 20 ہزار 748 ووٹ حاصل کرکے نشست اپنے نام کر لی جب کہ جے یو آئی کے امیدوار کو 12 ہزار 718 ووٹ ملے۔
ووٹرز کی تعداد
حلقہ این اے 45 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 98 ہزار 618 ہے جس میں 1 لاکھ 11 ہزار 349 مرد جبکہ 87 ہزار خواتین ہیں۔ حلقے میں 143 پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے تھے۔
پولنگ کا عمل بغیر کسی تعطل کے پورا دن جاری رہا اور کوئی ناخوش گوار واقعہ رپورٹ نہیں ہوا، تاہم ٹرن آؤٹ صرف 18.45 فیصد رہا۔
مقامی صحافی شہاب الرحمان کے مطابق ’اگرچہ سکیورٹی کے انتظامات غیر معمولی تھے تاہم اس کے باوجود گہما گہمی نظر نہیں آئی۔‘
عمران خان پھر کامیاب
غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق ’حلقے کے تمام 143 پولنگ سٹیشنز سے عمران خان نے 20 ہزار 748 ووٹ حاصل کر کے کامیابی اپنے نام کرلی ہے جبکہ پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار جمیل خان 12 ہزار 718 ووٹ حاصل کرسکے۔‘
دوسری جانب پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے عمران خان کی جیت پر جشن منایا جارہا ہے، علاقے میں آتش بازی کی گئی اور روایتی رقص بھی پیش کیا گیا۔
واضح رہے کہ 16 اکتوبر کو منعقد ہونے والے ضمنی الیکشنز میں عمران خان نے قومی اسمبلی کی سات میں سے 6 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔

شیئر: