لندن...... برطانیہ میں جنگلی حیاتیات کی صورتحال ملک کے محدود رقبے کی وجہ سے عرصے سے خرابی کی جانب مائل ہے اور اب ان مسائل میں ایک اضافہ یہ ہوا ہے کہ ہرنوں کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے اور انکی بڑھتی ہوئی تعداد شہریوں کیلئے بتدریج وبال جان بنتی جارہی ہے۔ ملک میں ہرنوں کی تعداد جس تیزی سے بڑھ رہی ہے اسکا انداز اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ملک میں لائم ڈیزز کے واقعات سالانہ ڈھائی سو تک محدود رہتے تھے جو اب بڑھ کر 3 ہزار تک پہنچ چکے ہیں اور بعض ادارے یہ تشویش ظاہر کررہے ہیں انکی تعداد جلد ہی 45ہزار سالانہ ہوسکتی ہے۔ واضح ہو کہ یہ بیماری ہرنوں کی کھانے پینے کی عادات سے پھیلتی ہے کیونکہ ہرن جو گھاس پھونس کھاتے ہیں انکا جھوٹا پالتو کتے بھی کھالیتے ہیں اور اس طرح یہ بیماری کتوں کے مالکان تک منتقل ہوجاتی ہے۔ ملک میں ہرنوں کی تعداد اس وقت 15لاکھ کے قریب ہے۔ جو گزشتہ ایک ہزار سال میں انکی سب سے بڑی تعداد ہے۔