Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوکرین کا روس پر ایک دن میں 50 سے زائد میزائل حملوں کا الزام

یوکرین کی فوج کے مطابق روس نے پیر کی صبح پچاس میزائل برسائے۔ فوٹو: اے ایف پی
یوکرین نے کہا ہے کہ روس نے پیر کی صبح کو اس پر پچاس سے زائد میزائل حملے کیے جس سے مختلف علاقوں میں بجلی اور پانی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یوکرین کی فوج نے کہا کہ جمعرات کی صبح سات بجے سے روس نے مختلف اوقات میں میزائل حملے کیے جن میں اہم انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا۔
روس کے حملوں کے بعد دارالحکومت کیئف میں بجلی اور پانی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔
یوکرینی ایوان صدر کے نائب سربراہ کریلو تیموشینکو نے بتایا کہ ’روسی دہشت گردوں نے یوکرین کے مختلف علاقوں میں بجلی کی تنصیبات پر شدید حملے کیے۔‘ 
بحیرہ اسود میں روسی بحری بیڑے پر ڈرون حملوں کا الزام کیئف پر عائد کرنے کے بعد روس نے یوکرین پر میزائل برسائے ہیں۔
بحری بیڑے پر حملے کو بنیاد بناتے ہوئے روس نے سنیچر کو یوکرین کی بندرگاہوں سے اناج کی برآمد کا معاہدہ معطل کرنے کا علان کیا تھا۔
خیال رہے کہ جولائی میں روس اور یوکرین نے اناج اور کھاد کی برآمدات کے لیے بحیرہ اسود کی یوکرینی بندرگاہوں کو دوبارہ کھولنے کے تاریخی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ 
یوکرینی انفراسٹرکچر کے وزیر اولیکزانڈز کبراکوف نے ٹویٹ کیا کہ 40 ٹن اناج سے بھرے ہوئے کنٹینر نے یوکرینی بندرگاہ سے آج (پیر) کو ایتھوپیا کے لیے روانہ ہونا تھا جو قحط سالی کے دہانے پر ہے۔
’لیکن روس کی جانب سے اناج کوریڈور کی رکاوٹ کے باعث برآمد ناممکن ہو گئی ہے۔‘
روس نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اینتونیو گوتریس کو خط میں آگاہ کیا تھا کہ وہ غیر معینہ معدت کے لیے معاہدہ معطل کر رہا ہے کیونکہ وہ تجارتی جہازوں کی حفاظت کو یقینی بنانے سے قاصر ہے۔
اقوام متحدہ اور ترکی کی ثالثی میں ہونے والے اس تاریخی معاہدے کے تحت بحیرہ اسود میں یوکرین کی بندرگاہوں سے گندم اور کھاد کی برآمدات دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔ 
 امریکی صدر جو بائیڈن نے روس کے معاہدے سے نکلنے کے اقدام کو اشتعال انگیز قرار دیا ہے جبکہ سیکریٹری خارجہ اینٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ ماسکو خوراک کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے روس کے اس اقدام پر تشویش کا اظہار کیا ہے جبکہ یورپی یونین نے روس سے اپنا فیصلہ واپس لینے کا کہا ہے۔

شیئر: