ولی عہد کی سربراہی میں خلائی سپریم کونسل کے قیام کی منظوری
ولی عہد کی سربراہی میں خلائی سپریم کونسل کے قیام کی منظوری
منگل 1 نومبر 2022 19:11
کابینہ کا اجلاس منگل کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صدارت میں منعقد ہوا ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی کابینہ نے ولی عہد کی سربراہی میں خلائی سپریم کونسل کے قیام کی منظوری دی ہے جبکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمیونیکیشن اتھارٹی کا نام تبدیل کرکے ‘کمیونیکیشن، سپیس اینڈ ٹیکنالوجی اتھارٹی‘ رکھا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق کابینہ کا اجلاس منگل کو قصر یمامہ ریاض میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صدارت میں منعقد ہوا ہے۔
کابینہ ارکان نے گزشتہ دنوں متعدد ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ سعودی قیادت کی ملاقاتوں اور مذاکرات کی رپورٹ کا جائزہ لیا۔
وزیر مملکت و رکن کابینہ اور قائم مقام وزیر اطلاعات عصام سعید نے اجلاس کے بعد ایس پی اے کو بتایا کہ کابینہ نے اردن، بحرین، سوڈان، عراق اور سلطنت عمان میں نوے ارب ریال تک کی سرمایہ کاری کےلیے پانچ ریجنل کمپنیوں کے قیام کی ستائش کی۔ یہ کمپنیاں پبلک انویسٹمنٹ فنڈ قائم کرے گا۔ ان کمپنیوں کے باعث طویل المیعاد اقتصادی سٹراٹیجک شراکت استوار ہوں گی۔ فنڈ کے اثاثے بڑھیں گے اور سعودی وژن 2030 کے اہداف کے تناظر میں سعودی عرب کی آمدنی کے ذرائع میں تنوع پیدا ہوگا۔
کابینہ نے فیوچر انویسٹمنٹ انشیٹو کے چھٹے ایڈیشن کے انعقاد کے حوالے سے کہا کہ اس کی بدولت موجودہ مرحلے میں دنیا بھر کو درپیش چیلنجوں کےکئی حل اور تصورات سامنے آئے ہیں۔ سرمایہ کاری کے شعبے میں ملکی، علاقئی اور بین الاقوامی اقدامات کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ سعودی عرب 2018 سے سعودی خلائی اتھارٹی قائم کرکے خلائی سرگرمیوں کو فروغ دے رہا ہے۔ مملکت اس شعبے کو تمام ممکنہ خطرات سے بچانے کے لیے کوشاں ہے۔ مملکت اس شعبے میں صنعتی اور ریسرچ سرگرمیوں کی بھی حوصلہ افزائی کررہا ہے۔
سعودی کابینہ نے ایجنڈے پر موجود متعدد امور و مسائل کا جائزہ لے کر کئی فیصلے کیے۔ وزیر توانائی کو انڈیا کے ساتھ توانائی کے شعبے میں تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشت کا اختیار تفویض کیا گیا ہے۔
کابینہ نے جمہوریہ بیلاو کے ساتھ سفارتی تعلقات کی منظوری دی اور وزیر خارجہ کو اس حوالے سے ضروری پروٹوکول پر دستخط کا اختیار بھی تفویض کیا۔
کابینہ نے وزیر ماحولیات و پانی و زراعت کو ماحولیات کے شعبے میں تعاون کے لیے سلطنت عمان کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط، وزیر سرمایہ کاری کو الجزائر کو براہ راست سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی مفاہمتی یادداشت کے اختیارات دیے ہیں۔
کابینہ نے جی سی سی جنرل سیکریٹریٹ کے ساتھ سائبر سیکیورٹی کےسلسلے میں مفاہمتی یادداشت کی بھی منظوری دی ہے۔
کابینہ نے پرامن مقاصد کے لیے خلائی سرگرمیوں میں تعاون کے لیے اٹلی کی خلائی ایجنسی کے ساتھ مفاہمتی یادداشت اور بدعنوانی کے انسداد کے لیے اردن کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کی بھی توثیق کی۔
انجینیئرنگ کے پیشوں کے پرمٹس کے اجرا کا اختیار وزارت تجارت سے لے کر وزارت بلدیات و دیہی و آباد کاری امور کے حوالے کرکے مطلوبہ قانون میں ترمیم بھی کی گئی ہے۔
کابینہ نے فیصلہ کیا کہ ہر سال گیارہ نومبر کو نامیاتی خوراک کا دن منایا جائے گا۔
کابینہ نے الاحسا ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے انتظامی ضوابط، چھوٹے و درمیانے سائز کے اداروں کے بینک قانون کی بھی منظوری دی ہے۔