باحہ ریجن میں بندروں کے حملے میں معمر شہری زخمی
ایک بندر نے معمر شہری کے ہاتھ میں دانت گاڑھ دیے( فوٹو سبق)
سعودی عرب میں باحہ ریجن کے علاقے المخواہ میں بندروں نے بکریوں کا چارہ ڈالنے کے لیے گھر سے نکلنے والے ایک معمرشہری پر حملہ کردیا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق المخواہ کمشنری کے المقشع قریے کے معمر شہری شینان محمد عوض العیسی نے بتایا کہ’ وہ گھر سے بکریوں کو چارہ ڈالنے کے لیے نکلے تھے۔ اچانک گھر کی دیوار پر بندروں کا جھنڈ پہنچ گیا اور میرے ہاتھ میں تھیلی دیکھ کر جھپٹ پڑے‘۔
’ایک بندر نے میرے ہاتھ میں دانت گاڑھ دیے۔ چیخنے چلانے پر بیٹے مدد کے لیے پہنچے اور مشکل سے بندروں کو وہاں سے بھگایا‘۔
معمر سعودی شہری کو علاج کے لیے المخواہ ہسپتال میں داخل کردیا گیا۔
شینان محمد عوض العیسی کا کہنا ہے کہ’ علاقے میں موجود بندر ان دنوں گھروں اور کھیتوں پر حملے کررہے ہیں۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے قبل بھی کئی لوگ بندروں کے حملےکا شکار ہوچکے ہیں۔‘