موکل کے رازافشا کرنے پروکیل کا لائسنس منسوخ
جمعرات 3 نومبر 2022 22:18
میڈیا پرموکل کے بارے میں معلومات افشا کی تھیں(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی وزارت انصاف نے ایک کلائنٹ کے راز ذرائع ابلاغ میں رائے عامہ کے سامنے لانے والے وکیل کا لائسنس منسوخ کردیا۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزارت انصاف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’وکیل نے ایک ٹی وی پروگرام نیز سماجی رابطہ وسائل پر اپنے موکل کے راز بیان کردیے تھے جس کا نوٹس لے لیا گیا اور وکلا کے حوالے سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر اس کا لائسنس منسوخ کردیا گیا۔
وزارت انصاف نے توجہ دلائی کہ وکیل نے اپنے کلائنٹ کے راز میڈیا کے سامنے رکھنے پر متعدد خلاف ورزیاں کیں۔
ایک خلاف ورزی یہ کی کہ اس نے زیر تربیت وکلا خواتین سے کام لیا۔ قانون وکالت میں مذکور مقررہ مدت مکمل کیے بغیر ہی وکیل خواتین کو عدالتی کیس دے دیے۔
دوسری غلطی یہ کی کہ اپنی لا فرم کی مارکیٹنگ کی اور اس حوالے سے رائے عامہ کو گمراہ کیا۔ وکیل نے گوگل پلیٹ فارم کے ذریعے اپنی لا فرم کی قدروقیمت بڑھانے کے لیے انعامات جاری کیے۔ ایک غلطی یہ کی کہ خود کو رسمی کاغذات میں ڈاکٹر ظاہر کیا جبکہ اس کے پاس ڈاکٹریٹ کی ایسی کوئی ڈگری نہیں جو سعودی عرب میں تسلیم کی جاتی ہو۔
وزارت انصاف نے توجہ دلائی کہ وکیل نے جو کچھ کیا وہ قانون وکالت اور اس کے لائحہ عمل کے سراسر منافی اور غیر پیشہ ورانہ عمل ہے اس نے پیشہ ورانہ اصول اور وقار کا خیال نہیں کیا۔
وزارت انصاف نے وکلا سے کہا کہ وہ اپنے کلائنٹس کے ساتھ معاملات کے دوران پیشہ ورانہ ضابطہ اخلاق کی پابندی کریں۔ قانون وکالت کا احترام کریں اور پیشہ ورانہ طریقوں کا پاس کریں۔