سپورٹس کلب میں باجماعت نماز کی ادائیگی کے لیے متحرک مصلے
سپورٹس کلب میں باجماعت نماز کی ادائیگی کے لیے متحرک مصلے
ہفتہ 5 نومبر 2022 18:20
متحرک مصلوں میں لاوڈ سپیکر کی سہولت بھی موجود ہے( فوٹو سبق)
سعودی عرب میں ادارہ امربالمعروف ونہی عن المنکرکی جانب ’قلوۃ‘ کمشنری کے سپورٹس کلب میں نماز باجماعت کی ادائیگی کے لیے متحرک مصلوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔
سبق نیوز کے مطابق متحرک مصلوں کی یہ خصوصیت ہے کہ اس میں لاوڈ سپیکرز اور نماز کی ادائیگی کےلیے صفوں کی سہولت مہیا کی جاتی ہے جبکہ بعض متحرک مصلوں میں وضو کےلیے بھی خصوصی بندوبست ہوتا ہے۔
متحرک مصلے خصوصی گاڑیوں میں بنائے جاتے ہیں جنہیں وقت ضرورت مختلف مقامات پرپہنچایا جاسکتا ہے۔ مصلے ان مقامات پرپہنچائے جاتے ہیں جہاں باقاعدہ مسجد نہیں ہوتی۔
یہ مصلے پارکوں اورتفریحی مقامات پرخاص طور پر لے جائے جاتے ہیں۔ مصلوں میں نصب سپیکرز آٹومیٹک ہوتے ہیں جنہیں گاڑی کی چھت پرنصب کیاجاتا ہے۔ اذان کے وقت سپیکرز کو خود کارسسٹم کے ذریعے بلند کردیاجاتا ہے تاکہ اذان کی آواز دور تک سنی جاسکے۔