Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

احتجاج کے دوران موٹروے بند کرنا غلطی تھی: وزیرخزانہ خیبر پختونخوا

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ ’پشاور کے ریڈزون میں پی ٹی آئی کارکنوں کو احتجاج نہیں کر نا چاہیے تھا۔‘
اردو نیوز سے خصوصی بات چیت میں انہوں نے بتایا کہ ’پشاور اسلام آباد موٹروے کو بند کرنا غلطی تھی ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔‘
ان کے مطابق ’کوشش ہے کہ ہماری تحریک سے شہریوں کو کم تکلیف ہو۔‘
خیال رہے کہ خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہے اور پارٹی کی جانب سے پی ڈی ایم کی اتحادی مرکزی حکومت کو جلد انتخابات پر مجبور کرنے کے لیے تحریک چلا رہی ہے۔
پیر کو اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا تھا کہ ’ان کی جماعت نے اسلام آباد کو لاک ڈاؤن کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا اور پیر سے ہی اسلام آباد کے راستوں پر ہمارے کارکن دھرنا دیں گے۔
اعلان کے بعد پی ٹی آئی کے کارکنوں نے پشاور اسلام آباد موٹروے اور اسلام آباد لاہور موٹروے کو دھرنا دے کر بند کردیا تھا۔
تیمور جھگڑا کے مطابق ’پارٹی نے اب موٹروے کو بند کرنا کم کر دیا ہے۔ ’لیکن یہ سب ایک بڑے مقصد کے لیے کر رہے ہیں اور اسلام آباد کو پیغام پہنچانے کے لیے کر رہے ہیں۔‘
اردو نیوز کے سوال پر صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے موقف اپنایا کہ ’پشاور کے ریڈزون میں پی ٹی آئی کارکنوں کو نہیں جانا چاہیے تھا ہم نے ورکرز کو روکنے کی کوشش بھی کی۔‘
عمران خان پر حملے کے بعد کارکن مشتعل تھے۔ ’میں گزارش کرتا ہوں کہ ایسے موقع پر لچک کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔‘
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ’خیبر پختونخوا سے ایک لاکھ کارکن ملین مارچ کے لیے جائیں گے جس میں ورکرز کے علاوہ شہری بھی نکلیں گے۔’
میں تمام پاکستانیوں سے کہتا ہوں کہ یہ تاریخی مارچ ہے اس میں پاکستان کی بقا کے لیے نکلنا ہوگا۔‘

شیئر: