Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’خواتین اورگورننس‘، ڈپلومہ کرنے والی پہلی سعودی خاتون

عرب اکیڈمی کے سربراہ نے ڈپلومہ کرنے والی خواتین میں ڈگریاں تقسیم کیں (فوٹو: ٹوئٹر)
حنان الحکمی نے ’خواتین اور گورننس‘ کے موضوع پر پہلی ڈپلومہ ہولڈر ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ الحکمی نے عرب اکیڈمی فار سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اینڈ سی ٹرانسپورٹ سے عرب انسٹیٹیوٹ فار عرب لیڈرشپ پروگرام کے تحت ڈپلومہ حاصل کیا ہے۔ 
سبق ویب سائٹ کے مطابق عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد ابو الغیط اپنی نگرانی میں عرب خواتین کی تنظیم اور عرب انسٹیٹیوٹ کے درمیان تعاون کے ذریعے خواتین کو اس میدان میں ریسرچ کے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔
الحکمی نے تقریب تقسیم اسناد کے موقع پر کہا کہ سعودی وژن  2030 نے سعودی معاشرے کے بڑے طبقے کو ترقیاتی اہداف حاصل کرنے کا شعور دیا۔ میری کامیابی کا سہرا اسی کے سر ہے۔ 

الحکمی کا کہنا ہے کہ سعودی وژن 2030  منفرد تصور ہے (فوٹو: ٹوئٹر) 

الحکمی کا کہنا ہے کہ سعودی وژن 2030  ایک منفرد تصور ہے۔ یہ  تمام اداروں کے درمیان مکمل ہم آہنگی اور مختلف موضوعات کو ایک دوسرے سے مربوط کرنے نیز ریاست اور نوجوانوں کے حوالے سے مستقبل کی پالیسیاں متعارف کرانے کے لیے قدرتی وسائل کے  تحفظ پر کام کررہا ہے۔ 
الحکمی نے کہا کہ سعودی خاتون معاشرے کی تشکیل، ثقافت اور روشن فکر کے تحفظ کے لیے مثالی کردارادا کررہی ہے۔ اسے اعلی قیادت کی سیاسی و سماجی سرپرستی حاصل ہے۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں پورا ملک خواتین کو ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار احسن طریقے سے ادا کرنے میں مدد دے رہا ہے۔ 
عرب اکیڈمی کے سربراہ ڈاکٹر اسماعیل عبدالغفار نے ’خواتین اور گورننس‘ ڈپلومہ حاصل کرنے والی پہلی کھیپ میں ڈگریاں تقسیم کیں۔ اس موقع پر خواتین کی عرب تنظیم کی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر فادیہ کیوان بھی موجود تھیں۔

شیئر: