آرمی چیف کا ملتان گیریژن کا الوداعی دورہ، افسران اور سپاہیوں سے ملاقات
آرمی چیف کا ملتان گیریژن کا الوداعی دورہ، افسران اور سپاہیوں سے ملاقات
جمعہ 11 نومبر 2022 15:27
چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جمعے کو ملتان گیریژن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے افسران اور سپاہیوں سے ملاقات کی۔
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق سٹرائیک فارمیشنز کے دستوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے آرمی چیف نے ملک کی خدمت میں ان کی غیرمعمولی پیشہ ورانہ قابلیت اور ڈیوٹی سے لگن کو سراہا۔
جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملتان آمد کے موقع پر جنوبی کمانڈ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز ستی نے ان کا استقبال کیا۔
واضح رہے 29 نومبر کو ریٹائر ہونے والے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے الوداعی دوروں کا آغاز کر دیا ہوا ہے۔
جمعرات کو آئی ایس پی آر نے فوجی سربراہ کے الوداعی دوروں کی تصدیق کی تھی۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق ’آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مختلف فارمیشنز کے الوداعی دوروں کے ایک حصے کے طور پر سیالکوٹ اور منگلا گیریژن کا دورہ کیا۔‘
آرمی چیف نے دونوں مقامات پر افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور فوجی جوانوں سے خطاب بھی کیا۔
جنرل قمر جاوید باوجوہ نے مختلف آپریشنز، تربیت اور قدرتی آفات کے دوران بہترین کارکردگی پر فوج کی فارمیشنز کی خدمات کو سراہا۔
انہوں نے فوجیوں کو مشورہ دیا کہ حالات جیسے بھی ہوں وہ اسی جذبے اور عزم کے ساتھ قوم کی خدمت کرتے رہیں۔
قبل ازیں سیالکوٹ پہنچنے پر آرمی چیف کا استقبال لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر جبکہ منگلا گیریژن آمد پر لیفٹیننٹ جنرل ایمن بلال صفدر نے خیرمقدم کیا۔
یاد رہے کہ آرمی چیف اپنی چھ سالہ مدت پوری کرنے کے بعد رواں ماہ کی 29 تاریخ کو ریٹائر ہو رہے ہیں۔
اس سے قبل اپریل میں ایک نیوز بریفنگ میں افواج پاکستان کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے بتایا تھا کہ ’آرمی چیف اپنی مدت ملازمت پوری ہونے پر ریٹائر ہو جائیں گے اور انہیں ملازمت میں توسیع دی بھی گئی تو قبول نہیں کریں گے۔‘