’اچھی خبر‘، برطانیہ نے پاکستان کو خطرناک ممالک کی فہرست سے نکال دیا
بلاول بھٹو نے اپنے توئٹر اکاؤنٹ پر برطانیہ کا ایڈوائزری نوٹس شیئر کیا ہے (فوٹو: گیٹی امیجز)
پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اعلان کیا ہے کہ برطانیہ نے پاکستان کو باضابطہ طور پر تیسری دنیا کے خطرناک ممالک کی فہرست سے نکال دیا ہے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اس اہم پیشرفت سے آگاہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’اچھی خبر ہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے ایکشن پلان کی جلد تکمیل پر برطانیہ نے پاکستان کو تیسری دنیا کے خطرناک ممالک کی فہرست سے خارج کر دیا ہے۔‘
بلاول بھٹو نے برطانیہ کے فارن کامن ویلتھ ایںڈ ڈویلپمنٹ آفس سے جاری ایڈوائزری نوٹس شیئر کیا ہے جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ نے تیسری دنیا کے خطرناک ترین ممالک کی فہرست میں ترمیم کی ہے۔ اس ترمیم سے 21 اکتوبر 2022 میں ایف اے ٹی ایف کی جانب سے کیے گئے فیصلے کے تناظر میں پاکستان کو فہرست سے نکال دیا گیا ہے۔‘
برطانیہ نے گذشتہ سال اپنے منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی اعانت (ترمیمی) کے حوالے سے خطرناک ترین ممالک کے ضابطے 2021 کے تحت پاکستان کو شیڈول 3 زیڈ اے میں شامل (انتہائی خطرات کے حامل) 21 ممالک کی فہرست میں شامل کیا تھا۔
گذشتہ ماہ منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت پر نظر رکھنے والے بین الاقوامی ادارے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) نے پاکستان کو اپنی’گرے لسٹ‘ سے نکال دیا تھا۔
صدر ایف اے ٹی ایف کے مطابق ’پاکستان 2018 سے گرے لسٹ پر تھا۔ پاکستانی حکام نے انسداد منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت سے متعلق دو مختلف ایکشن پلانز کے 34 نکات پر عمل کیا۔‘
انہوں نے کہا تھا کہ ’ایف اے ٹی ایف اس پیش رفت کو سراہتا ہے۔ ایف اے ٹی ایف کی ٹیم نے تصدیق کی ہے کہ اصلاحات کی جا چکی ہیں اور ان پر عمل درآمد کا نظام بھی موجود ہے۔‘