Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم شہباز شریف کورونا کا شکار، ’عوام سے دعا کی اپیل‘

وزیراعظم شہباز شریف چھ نومبر کو کوپ 27 کانفرنس میں شرکت کے لیے گئے تھے جہاں سے واپسی پر لندن چلے گئے تھے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
وزیراعظم شہباز شریف کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔
منگل کو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے ایک ٹویٹ کے ذریعے وزیراعظم کی بیماری سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’وزیراعظم شہباز شریف کورونا پازیٹو ہو گئے ہیں۔ دو روز سے طبیعت ناساز تھی۔ ڈاکٹر کے مشورے سے آج کرونا ٹیسٹ کروایا گیا عوام اور کارکنان سے وزیراعظم کی جلد صحت یابی کی دعا کی اپیل ہے۔‘
وزیراعظم گزشتہ روز لندن سے پاکستان پہنچے تھے۔ وہ چھ نومبر کو مصر کے شہر شرم الشیخ میں کوپ 27 کانفرنس میں شرکت کے لیے گئے تھے جہاں سے واپسی پر ملک آنے کی بجائے اچانک لندن چلے گئے تھے۔ 
انہوں نے 11 نومبر کو ملک واپس آنا تھا لیکن طبعیت کی خرابی کی وجہ سے ان کے قیام میں اضافہ ہو گیا جس پر کافی چہ مگوئیاں ہوئی تھیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی وزیراعظم شہباز شریف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ 
انہوں نے وزیراعظم کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ ’شہباز شریف جلد صحتیاب ہو کر ملک اور قوم کی خدمت کریں گے۔‘
واضح رہے وزیراعظم شہباز شریف اس سے قبل دو مرتبہ کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں.

شیئر: