Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آرمی چیف کا تقرر میرٹ پر ہونا چاہیے: عمران خان

عمران خان نے کہا کہ ’حقیقی جمہوریت تب آتی ہے جب قانون کی حکمرانی ہو۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آرمی چیف کا تقرر میرٹ پر ہونا چاہیے تاکہ ملک کو نقصان نہ ہو۔
بدھ کو لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’ہم سمجھتے ہیں کہ جو بھی تقرری ہو وہ میرٹ پر ہو تاکہ ملک کو نقصان نہ پہنچے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’نواز شریف کے مفادات پاکستان کے مفادات سے نہیں ملتے۔ نواز شریف آرمی چیف کی تعیناتی کے فیصلے کر رہے ہیں۔ آرمی چیف کی تعیناتی کا فیصلہ میرٹ پر ہونا چاہیے۔‘
’اگر یہ فیصلہ کر رہے ہیں تو مجھے خطرہ ہے کہ یہ اداروں کو نقصان پہنچا رہے ہیں، کیونکہ انہوں کبھی میرٹ پر فیصلے نہیں کیے۔‘
عمران خان نے کہا کہ ’حقیقی جمہوریت تب آتی ہے جب قانون کی حکمرانی ہو اور انصاف ہو۔ جتنے ممالک خوشحال ہیں وہاں نوے فیصد قانون کی حکمرانی ہے۔ غریب ممالک میں دس فیصد سے بھی کم رول آف لا ہے۔ امیر ممالک اس لیے امیر ہے وہاں امیر لوگ این آر او نہیں لے سکتے۔ ہم قانون کی حکمرانی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔‘
انہوں نے موجودہ حکومت کے بارے میں کہا کہ ’جب سے یہ آئے ہیں اس ملک کا معاشی قتل ہو چکا ہے۔ یہ چور مسلط کیے گئے ہیں اور کوئی سوچتا ہے کہ یہ ملک کو بہتر طریقے سے چلا لیں گے تو بتائیں کہ یہ تیس سال حکومت کرتے رہے، لیکن انہوں نے کچھ نہیں کیا۔ یہ دو خاندان امیر ہوتے گئے اور قوم غریب ہوتی گئی۔‘
’ہم چاہتے ہیں کہ صاف و شفاف الیکشن ہوں تاکہ ملک آگے بڑھ سکے۔ نواز شریف اور زرداری دونوں الیکشن سے ڈے ہوئے ہیں کیونکہ ان کو پتا ہے کہ وہ ہار جائیں گے۔ یہ اپنے آپ کو بچانے کے لیے ملک کو تباہی کی طرف لے جا رہے ہیں۔‘
تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ ’میری سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سے اپیل ہے کہ ہمیں انصاف ملے۔ ارشد شریف کے لیے انصاف چاہیے۔ کس نے اسے ملک چھوڑنے پر مجبور کیا۔ کس نے کوشش کی وہ دبئی سے کینیا جائے۔ سپریم کورٹ تحقیقات کرے۔ اس ملک کو انصاف دے کر حقیقی طور پر آزاد کریں۔‘
 

شیئر: