Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنگلی جانوروں کی موجودگی: اسلام آباد میں پولیس کی نفری تعینات

پولیس کی جانب سے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پکار 15 پر اطلاع دینے کی ہدایت کی گئی ہے (فائل فوٹو: ٹوئٹڑ)
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں واقع مارگلہ پہاڑی کے دامن میں موجود آبادی کے قریب تیندووں کی موجودگی کی اطلاع کے بعد پولیس کی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
جمعرات کی شام مارگلہ کے دامن میں واقع سید پور گاؤں سے متعلق ویڈیوز سامنے آئیں جن میں تیندووں کی موجودگی کی اطلاع دی گئی تھی۔ ان ویڈیو میں روشنی کی مدد سے مقامی افراد آبادی کے قریب متعدد تیندووں کی نشاندہی کرتے دکھائی دیے تھے۔
ٹائم لائنز پر ان اطلاعات کے وائرل ہونے کے بعد جمعرات کو رات گئے اسلام آباد پولیس نے اعلان کیا کہ ’سید پور کے علاقہ میں جنگلی جانوروں کی موجودگی کا معاملہ۔ اسلام آباد کیپیٹل پولیس کی نفری سید پور کے علاقوں میں تعینات کردی گئی۔‘
ٹویٹ میں مزید کہا گیا کہ ’محکمہ وائلڈ لائف کو بھی اطلاع کردی گئی ہے۔ سید پور کے رہائشیوں سے پرسکون رہنے کی گزارش ہے۔‘
اسلام آباد پولیس نے اپنے پیغام میں یہ بھی کہا کہ ’اسلام آباد کیپیٹل پولیس اور وائلڈ لائف کے اہلکار مل کر علاقہ کو محفوظ رکھنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پکار 15 پر اطلاع دیں۔‘

شیئر: