اسلام آباد... اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی خورشید شاہ نے کہا ہے کہ موجودہ ملکی حالات اچھے نہیں۔ نیوز لیکس پرفوج کی طرف سے سنجیدہ نوٹس لیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیوز لیکس پر جو الزامات جس طرح نظر آئے اس طرح تحقیقات نہیں کی گئیں۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ فوج کے ردعمل کے بعد نیوز لیکس تحقیقات متنازعہ ہو گئی ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اگرٹویٹ زہر قاتل ہیں تو پھر پرائم منسٹر ہاوس سے مریم نواز کیوں ٹویٹ کرتی ہیں اگر کسی اور کو روکا جا رہا ہے تو یہ دہرا معیارہے۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار کی بات تو تب قابل ستائش ہوتی کہ جب وہ پہلے مریم نواز کے ٹویٹ بند کراتے۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کا ٹکراو بڑا خطرناک ہوتا ہے خصوصا ان کیلئے جوشیر کی کھال پہن کر سمجھتے ہیں کہ وہ شیر بن گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ان شیروں کو بہت قریب سے دیکھا ہے ہمیں پتا ہے کہ حقیقت کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور ان کی فیملی پرجو الزامات ہیں ان کے اخلاقی پہلو کا تقاضا تو یہ ہے کہ انہیں چلے جانا چاہیے کیوں کہ جو ماحول چل پڑا ہے وہ بہت خطرناک ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ پارلیمنٹ اور جمہوریت کو اولیت دی جائے۔ ذاتی مفادات سے گریز کیا جائے۔ اب یہ وزیر اعظم کی دانش پر منحصر ہے کہ وہ کیا رویہ اور راستہ اختیار کرتے ہیں۔