Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کرن جوہر نے لانچ کیا، اسی لیے نفرت کا آسان ہدف بنی‘

جھانوی کپور کو کرن جوہر نے فلموں میں متعارف کروایا (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وُڈ اداکارہ جھانوی کپور نے کہا ہے کہ فلمساز کرن جوہر انہیں فلموں میں لے کر آئے جس کے باعث ان کے ساتھ سب آسانی سے نفرت کرتے ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق جھانوی کپور کہتی ہیں کہ ’میں کرن جوہر کی دھرما پروڈکشن کے ذریعے فلموں میں آئی جس کے بعد سے میں نفرت کیے جانے کا آسان ہدف ہوں، تاہم مجھے کوئی پچھتاوا نہیں ہے۔‘
کرن جوہر نے بطور پروڈیوسر جھانوی کپور کو 2018 میں مراٹھی فلم ’سیرت‘ کے آفیشل ریمیک ’دھڑک‘ میں کاسٹ کیا تھا، یہ جھانوی کپور کی بالی وُڈ میں ڈیبیو فلم تھی جس کے بعد وہ دنیا بھر میں مشہور ہوئیں اور مزید فلموں میں کام کرنے لگیں۔
جھانوی کپور بھی بالی وُڈ کے ان سٹار بچوں میں شامل ہیں جن پر اقربا پروری کے تحت انڈسٹری میں آنے کا الزام لگایا جاتا ہے اور جھانوی پر یہ تنقید کی جاتی ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کے بجائے سری دیوی کی بیٹی ہونے کی وجہ سے فلموں میں آئی ہیں۔
اسی سلسلے میں جھانوی کپور مزید کہتی ہیں کہ ’یہ ایک حقیقت ہے کہ دھرما ایک مشہور پروڈکشن ہاؤس ہے۔ جتنی اس کی پہنچ ہے اور لوگ جتنی اس میں دلچسپی لیتے ہیں شاید ہی اس کے مقابلے میں کوئی اور ہو۔ اسی لیے بھی ایک دباؤ بھی ہوتا ہے اور اسی لیے نفرت کیے جانے کا بھی آسان ہدف ہوں۔‘
جھانوی کپور کی آخری ریلیز ہونے والی فلم ’مِلی‘ ہے جس کی سینما گھروں میں نمائش جاری ہے، جبکہ 2023 میں جھانوی کپور کی دو فلمیں ’بوال‘ اور ’مسٹر اینڈ مسز ماہی‘ ریلیز ہوں گی۔

شیئر: