انڈیا میں 14 سالہ لڑکے کو سوشل میڈیا پر اظہارِ محبت مہنگا پڑ گیا
جمعہ 25 نومبر 2022 15:56
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
لڑکے کی جانب سے سوشل میڈیا پر ویڈیو 17 نومبر کو اپلوڈ کی گئی تھی۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
انڈیا کے شہر پونے میں پولیس نے ایک 14 سالہ لڑکے کے خلاف سوشل میڈیا پر ایک 13 سالہ لڑکی سے اظہار محبت کرنے اور اس کی تصاویر اپلوڈ کرنے پر مقدمہ درج کرلیا ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق آٹھویں جماعت کے لڑکے نے لڑکی کی تصاویر جوڑ کر ایک ویڈیو بناکر نہ صرف سوشل میڈیا پر اپلوڈ کی بلکہ دوستی نہ کرنے کے صورت میں سنگین نتائج کی دھمکی بھی دی۔
پولیس کے مطابق دونوں لڑکا اور لڑکی ایک ہی سکول میں زیر تعلیم ہیں۔ لڑکی کی والدہ کی جانب سے درج کرائی گئی شکایت میں کہا گیا ہے کہ 14 سالہ لڑکے نے ان کی بیٹی کی تصاویر سوشل میڈیا پر لگائیں اور اس سے شادی کرنے کا سوال کیا۔
پونے کے پولیس افسر اروند گوکھلے نے صحافیوں کو بتایا کہ ’چونکہ ابھی سکول میں امتحانات جاری ہیں اس لیے ہم نے لڑکے کے والدین کو نوٹس بھیج دیا ہے اور کہا ہے کہ امتحانات کے بعد پولیس سٹیشن تشریف لائیں۔‘
پولیس کے مطابق لڑکے کی جانب سے سوشل میڈیا پر ویڈیو 17 نومبر کو اپلوڈ کی گئی تھی اور پولیس کے پاس اس واقعے کی شکایت 21 نومبر کو آئی۔
اس سے قبل انڈیا میں رواں سال اگست میں انڈین ریاست جھاڑکھنڈ میں ایک نوجوان نے دوستی کرنے سے انکار پر ایک انکیتا نامی لڑکی کو جلا کر ماردیا تھا۔
انکیتا کو قتل کرنا والا نوجوان ان کا پڑوسی تھا۔