Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی میں مسلح ڈاکوؤں نے برطانیہ سے آئے شہری سے 50 ہزار ڈالر چھین لیے

ڈکیتی کی واردات میں غیر ملکی کرنسی سمیت 50 ہزار روپے چوری ہوئے۔ فوٹو: اے ایف پی
برطانیہ سے پاکستان کے ساحلی شہر کراچی آنے والے شہری ذوالفقار علی سے کلفٹن کے علاقے میں 50 ہزار ڈالر لوٹ لیے گئے، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ 
تفصیلات کے مطابق مدعی مقدمہ ذوالفقار علی نے پولیس کو بتایا کہ وہ 19 نومبر کو بیرون ملک سے کراچی آئے تھے۔ 
انہوں نے 21 نومبر کو بینک سے رابطہ کر کے رقم نکالنے کا کہا اور 24 نومبر کو بینک انتظامیہ نے50 ہزار ڈالر حوالے کر دیے۔
 ’بینک سے رقم لے کر نکلا تو بوٹ بیسن کے قریب موٹر سائیکل پر سوار مسلح ملزمان نے اسلحے کے زور پر مجھے روکا اور رقم چھین کر فرار ہوگئے۔‘
ذوالفقار علی کے مطابق 50 ہزار ڈالر پاکستانی روپوں میں ایک کروڑ 12 لاکھ روپے سے زائد بنتے ہیں۔
کراچی ضلع جنوبی کے بوٹ بیسن پولیس تھانے کے ایس ایچ او نصیر تنولی نے اردو نیوز کو بتایا کہ ذوالفقار نامی شخص نے پولیس کو اطلاع دی کہ وہ 19 نومبر کو برطانیہ سے کراچی آئے تھے اور ایک نجی بینک نے انہیں مطلع کیا کہ ان کا اکاؤنٹ بند ہوگیا ہے، فارم بھر کر دوبارہ کھولا جا سکتا ہے۔
بینک کے مطلع کرنے پر ذوالفقار علی نے اکاؤنٹ میں موجود غیر ملکی کرنسی انہیں واپس کرنے کا کہا۔
ایس ایچ او نصیر تنولی کے مطابق بینک انتظامیہ نے کہا کہ وہ اس حوالے سے تین دنوں میں آگاہ کریں گے۔

پولیس کے مطابق کمیروں کی مدد سے جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

’بعد ازاں بینک انتظامیہ نے انہیں فون کیا جو انہوں نے موصول نہیں کیا جس پر منیجر نے اپنے موبائل فون سے کال کر کے بینک میں چار بجے سے پہلے پہنچنے کو کہا۔ ساڑھے تین بجے ذوالفقار علی بینک پہنچ گئے۔ بینک والوں نے کیش کاؤنٹر پر 49 ہزار 9 سو سے زائد ڈالر انہیں دے دیے جو کہ پاکستانی کرنسی میں ایک کروڑ 11 لاکھ سے زائد بنتے ہیں۔‘
پولیس نے بتایا کہ مدعی نے رقم اندر روم میں جا کر سیٹ کی اور بینک سے نکل کر اپنی رہائشگاہ کلفٹن بلاک 5 پر پہنچے کہ اس دوران ایک موٹر سائیکل پر سوار دو ملزمان آئے اور ان سے غیر ملکی کرنسی، 50 ہزار پاکستانی، موبائل فون شناختی کارڈ اور دیگر سامان چھین کر فرار ہوگئے۔ 
ایس ایچ او نے بتایا کہ جس مقام پر واردات ہوئی وہاں کیمرا نہیں لگا ہوا تھا تاہم دیگر کیمروں سے مدد لی جا رہی ہے ۔
 انہوں نے بتایا کہ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے واقعے کی جانچ شروع کر دی ہے۔

شیئر: