موسم کی بدلتی صورتحال، سفر سے قبل کن احتیاطی تدابیر پر عمل کیا جائے؟
محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے سفر پرنکلنے سے قبل موسم کی رپورٹ ضرور دیکھ لیں( فوٹو عاجل)
سعودی عرب میں ادارہ ٹریفک پولیس نے کہا ہے کہ’ موسم کی تبدیل ہوتی صورت حال کے باعث گاڑی سے سفر کرنے والے خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ سفر پرنکلنے سے قبل موسم کی رپورٹ ضرور دیکھ لیں۔‘
سبق نیوز کے مطابق محکمہ ٹریفک پولیس کی جانب سے مملکت میں مقیم غیرملکیوں اورسعودی شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ’ وہ سفر کرنے سے قبل اپنی گاڑی کا اچھی طرح معائنہ کریں۔ خاص کرونڈ شیلڈ وائپرز اوربیک وائپر کا خاص خیال رکھیں‘۔
احتیاطی تدابیر کے حوالے سے مزید کہا گیا کہ ’گاڑی کے ٹائروں کی حالت سے مطمئن ہوں۔ اگرکوئی ٹائرخراب ہوتو اسے تبدیل کرنے میں قطعی تردد نہ کریں۔ سپیئرویل اور ٹائرتبدیل کرنے والا جیک و ویل پانے کی گاڑی میں موجودگی کو یقینی بنائیں‘۔
ادارہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ ’سفر سے قبل جسمانی صحت کا خاص خیال رکھیں اورپوری طرح نیند کریں تاکہ دوران سفر کسی قسم کی تکان محسوس نہ ہو۔ سفر کے دوران کسی قسم کی تکان محسوس ہونے پرفوری طورپرمناسب مقام پرگاڑی پارک کرکے کچھ دیرآرام کریں‘۔
موسم کی رپورٹ محکمہ موسمیات کے سوشل میڈیا اکاونٹ سے حاصل کرتے رہیں اورشہری دفاع کی جانب سے جاری ہونے والی ہدایات پرعمل کیا جائے۔