Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کے دوران واپس نہ آنے والے نئے ویزے پر آسکتے ہیں؟

چھٹی پر جانے والے تارکین کو چاہئے کہ وہ وقت مقررہ پرواپس آئیں( فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن جسے عربی میں جوازات کہا جاتا ہے کے ذمہ جہاں سعودی شہریوں کے پاسپورٹ کا اجرا اور تجدید کا کام ہے وہاں یہ ادارہ غیرملکیوں کو رہائشی کارڈ جاری کرنے کا بھی ذمہ دار ہے۔
جوازات کے ادارے سے غیرملکی کارکنوں کے اقامے کے اجرا و تجدید کے علاوہ ایگزٹ ری انٹری اورخروج نہائی بھی جاری کیا جاتا ہے۔
 جوازات کے ٹوئٹرپرایک شخص نے دریافت کیا ’میرا فیملی ڈرائیورجو کورونا کے دنوں میں چھٹی پروطن گیا تھا مگرحالات کی وجہ سے واپس نہ آسکا کیا اب وہ دوسرے کفیل کے ویزے پردوبارہ آسکتا ہے‘؟ 
سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ ’خروج وعودہ کے قانون کے مطابق وہ تارکین جو چھٹی جاتے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ وقت مقررہ پرواپس آئیں‘۔ 
خروج وعودہ کی ایکسپائری سے قبل واپس نہ آنے کی صورت میں ان پر’خرج ولم یعد‘ کی خلاف ورزی درج کی جاتی ہے جس کے بعد ایسے افراد جو مذکورہ قانون کی زد میں آتے ہیں انہیں تین برس کےلیے مملکت میں بلیک لسٹ کردیا جاتا ہے۔ 
جن افراد کو خروج وعودہ قانون شکنی کی وجہ سے بلیک لسٹ کیا جاتا ہے وہ تین برس تک کسی دوسرے ویزے پرمملکت نہیں آسکتے۔

اردو نیوز کا فیس بک پیج لائک کریں

 پابندی کے تین برس کے دوران اگروہ مملکت آنا چاہئیں تو وہ صرف اپنے سابق کفیل کی جانب سے جاری کردہ نئے ویزے پرہی مملکت آسکتے ہیں اسکے علاوہ دوسرے ویزے پرتین برس مکمل ہونے کے بعد انہیں مملکت آنے کی اجازت ہوتی ہے۔ 
واضح رہے مملکت کے امیگریشن قوانین کے مطابق یہاں رہنے والے اقامہ ہولڈرز کے لیے لازمی ہے کہ وہ قوانین کی پاسداری کریں بصورت دیگر مختلف نوعیت کی پابندیوں کی زد میں آسکتے ہیں۔ 

خروج وعودہ  ایکسپائر ہونے سے قبل یا فوری بعد توسیع کرالیں(  فوٹو ٹوئٹر جوازات)

ایسے اقامہ ہولڈرز جو خروج وعودہ پرجاتے ہیں اورایگزٹ ری انٹری ایکسپائرہونے سے قبل واپس نہ آسکیں انہیں چاہئے کہ وہ خروج وعودہ ویزہ ایکسپائرہونے سے قبل یا فوری بعد اس کی مدت میں توسیع کرلیں۔ 
رواں برس کے آغاز سے یہ سہولت فراہم کی گئی ہے کہ بیرون مملکت گئے ہوئے تارکین وطن جن کے اقامہ یا خروج وعودہ بیرون مملکت رہتے ہوئے ایکسپائرہوجاتے ہیں اوروہ مملکت آنا چاہیں تو انہیں چاہئے کہ وہ خروج وعودہ کی مقررہ فیس جمع کرنے کے بعد اپنے اسپانسر کے ذریعے مدت میں توسیع کرسکتے ہیں۔ 

اردو نیوز کا یوٹیوب چینل سبسکرائب کریں

خیال رہے خروج وعودہ کی ابتدائی فیس دو سو ریال ہوتی ہے جوکہ دو ماہ کےلیے جاری کیاجاتا ہے اس کے علاوہ اضافی مدت کےلیے ایگزٹ ری انٹری ویزہ حاصل کرنے کے لیے سو ریال ماہانہ کے حساب سے ادائیگی کرنا ہوتی ہے۔ 
بیرون مملکت گئے ہوئے افراد کی سہولت کےلیے سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے اقامہ تجدید کی بھی سہولت فراہم کی گئی ہے جس کے تحت مقررہ مدت کے لیے اقامہ فیس ادا کرنے کے بعد اقامہ تجدید کرکے اسے کینسل ہونے سے بچایا جاسکتاہے۔ مقررہ سہولت کے تحت اقامہ کی تجدید کم از کم تین ماہ کے لیے بھی کرائی جاسکتی ہے۔

شیئر: