حویلیاں...وزیراعظم محمد نواز شریف نے ہزارہ موٹروے کے زیر تعمیر حصے کا دورہ کیا اورمعیار کا معائنہ کیا۔ وزیراعظم کو منصوبے پر پیشرفت سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ نواز شریف نے تعمیراتی کام پر اطمینان کا اظہار کیا۔ بعد ازاں موٹر وے کے 10 کلو میٹر حصے پر سفر کیا۔59کلومیٹر طویل ای 35 چھ رویہ موٹروے تعمیر کے مراحل میں ہے۔ منصوبے پر کام کی رفتار بڑھانے کیلئے ای 35 موٹروے کو 3 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلا حصہ برہان جھاری کس 20.4 کلومیٹر طویل ہے۔سیکشن ٹو جھاری کس سے سرائے صالح 19.2 کلومیٹر جبکہ تیسرا سیکشن سرائے صالح سے حویلیاں تک 19.4 کلومیٹر طویل ہے۔ یہ منصوبہ پاک، چین اقتصادی راہداری کا اہم حصہ ہے ۔ اس کی تعمیر سے برہان سے حویلیاں کا فاصلہ 30 منٹ میں طے ہو گا۔ واضح رہے کہ نواز شریف نے نومبر 2014ءمیں ہزارہ موٹروے کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔ منصوبے کی لاگت کا تخمینہ 30 ارب روپے سے زائد ہے۔ منصوبہ رواں سال دسمبر تک مکمل ہو جائے گا۔