مہلت کے دوران بری کارگو سروس کے پرمٹ مفت جاری ہوں گے
یہ سہولت مختلف خلاف ورزیوں کے جرمانوں کے باجود دی جائےگی(فوٹو الاقتصادیہ)
سعودی پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے مملکت میں کارگو سروس سے منسلک افراد اور اداروں سے پھر کہا ہے کہ’ وہ مہلت سے فائدہ اٹھا کر اصلاح حال کرلیں۔ دس روز بعد 7 دسمبر کو مہلت ختم ہوجائے گی‘۔
الاقتصادیہ کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ’ مہلت کا مقصد بری کارگو سروس کو قانون کے دائرے میں لانا ہے۔ ایسے افراد یا ادارے جن کے پاس 3500 کلو گرام سے زیادہ وزنی ٹرکوں کی تعداد مقررہ حد 9 سے زیادہ ہے وہ مہلت کے اندر بری کارگو سروس کے پرمٹ جاری کرالیں‘۔
اتھارٹی کا کہنا ہےکہ ’مہلت کے دوران جو افراد یا ادارے پرمٹ جاری کرائیں گے ان سے پرمٹ کے اجرا کی فیس نہیں لی جائے گی۔ انہیں پرائیویٹ کارگو سے پبلک ٹرانسپورٹ کارگو میں منتقل ہونے کے حوالے سے سہولت دی جائے گی۔
پرائیویٹ ٹرکوں کی نمبر پلیٹ پبلک ٹرانسپورٹ نمبر پلیٹس میں تبدیل کی جائے گی۔ یہ سہولت مختلف خلاف ورزیوں کے جرمانوں کے باجود دی جائےگی۔ ضروری نہیں ہوگا کہ پہلے جرمانے ادا کیے جائیں اوراس کے بعد ان کے کاروبار کو قانونی کیا جائے۔
پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ’ اصلاح حال کا مقصد بری کارگو کے کاروبار میں موجود افراد اور اداروں کی مدد کرنا ہے جو افراد یا ادارے بغیر اجازت کے کام کررہے ہیں وہ پرمٹ جاری کرالیں‘۔