سعودی عرب میں داخلے کے لیے ’پرسنل وزٹ ویزے‘ کا اجراء
جمعرات 1 دسمبر 2022 11:38
یہ ویزہ آن لائن پلیٹ فارم ’التأشیرات‘ پر بہت آسان مراحل سے گزر کر حاصل کیا جا سکتا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب کی وزارتِ خارجہ نے ’پرسنل وزٹ ویزے‘ کے اجرا کا اعلان کیا ہے۔
العربیہ کے مطابق وزارت خارجہ نے یہ اعلان بدھ کو کیا جس کے تحت پرسنل ویزے کے حامل افراد مملکت میں اپنے دوست احباب سعودی شہریوں سے ملنے کے لیے آ سکتے ہیں۔
علاوہ ازیں یہ افراد مکہ اور مدینہ کے مختلف مقامات میں جا سکتے ہیں اور مناسکِ عمرہ بھی ادا کر سکتے ہیں۔
شخصی یا پرسنل ویزے کے حامل افراد مذہبی مقامات کی زیارت کے علاوہ مملکت میں ہونے والی ثقافتی سرگرمیوں میں بھی شریک ہو سکتے ہیں۔
وزارت خارجہ نے مزید بتایا کہ یہ ویزہ آن لائن پلیٹ فارم ’التأشیرات‘ پر بہت آسان مراحل سے گزر کر حاصل کیا جا سکتا ہے۔
وزارت نے وضاحت کی کہ اس پروگرام کے تحت سعودی شہری دیگر ممالک سے اپنے دوستوں کو ملاقات اور عمرے کی ادائیگی کے لیے بلا سکتے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی وزارت خارجہ کی ویب سائٹ پر ’شخصی وزٹ ویزہ‘ کی درخواست کی جا سکتی ہیں۔
اس کے لیے انہیں مہمان سے متعلق تفصیلات دینا ہوں گی اور ضابطے کے کارروائی کے بعد انہیں ’پرسنل وزٹ ویزہ‘ کی دستاویز موصول ہو جائے گی اور اس کا ریکارڈ ’انویٹیشن ریکوسٹ‘ کے آپشن پر دیکھا جا سکے گا۔
وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ جس شخص کو مملکت میں بلایا جا رہا ہے، اسے اپنی ہلیتھ انشورنس کی تفاصیل ’التأشیرات‘ پلیٹ فارم پر موجود ’انٹری فارم‘ میں شامل کرنا ہوں گی۔
اس کے بعد اپنی درخواست اور پاسپورٹ اپنے ملک میں موجود سعودی عرب کے سفارت خانے، قونصلیٹ یا مجاز دفتر میں جمع کرانا ہوں گے جہاں سے اجازت ملنے کے بعد آپ فضائی، بحری یا زمینی کسی بھی راستے سے مملکت میں داخل ہو سکتے ہیں۔